سکول کی صفائی کے دوران کروڑ روپے، دو کلو سونا برآمد

ابھی تک کرنسی اور سونے کا مالک سامنے نہیں آیا ہے

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشنابھی تک کرنسی اور سونے کا مالک سامنے نہیں آیا ہے

بھارت میں ایک سکول کے لاکروں کی صفائی کے دوران بھاری مقدار میں نقدی اور سونا برآمد ہوا ہے۔

بھارتی شہر احمد آباد میں ایک سکول کا عملہ وزیراعظم مودی کی ’صاف بھارت‘ مہم کے سلسلے میں سکول کی صفائی کر رہا تھا۔

دا ہندو ویب سائٹ کے مطابق عملے کو صفائی کے دوان سٹاف روم میں ایسے لاکر ملے جو خاصے عرصے سے استعمال نہیں ہوئے تھے۔

ان لاکروں کی چابیاں بھی سکول انتظامیہ کے پاس نہیں تھیں اور جب ایک لاکر توڑا گیا تو غیر متوقع طور پر اس سے ایک کروڑ روپے برآمد ہوئے۔

جب ایک اور لاکر کو توڑا گیا تو اس سے سونے کی ٹکیاں برآمد ہوئیں جن کا وزن دو کلوگرام تھا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سونے کی مالیت 60 لاکھ روپے کے قریب ہے۔

سکول انتظامیہ کے پاس ان لاکروں کا ریکارڈ موجود نہیں ہے اور نہ ہی کرنسی نوٹوں اور سونے کا کوئی مالک سامنے آیا ہے۔

سکول کی ہیڈ ٹیچر کا کہنا ہے کہ ان کے سکول میں دو سال کے دوران یہ لاکر کسی کو استعمال کے لیے نہیں دیے گئے جبکہ پولیس بھی کوئی کھوج نہیں لگا سکی ہے۔

ایک پولیس افسر کے کے ڈیسائی کے مطابق:’ہم نے عملے کے کئی ارکان اور اساتذہ سے پوچھ گچھ کی ہے لیکن ابھی تک اس شخص کے بارے میں معلوم ہو سکا جس نے ان لاکروں میں رقم اور سونا رکھا تھا۔‘