’زرد کپڑوں پر اتنا ہنگامہ کیوں؟‘

ایران کے ایک مذہبی عالم ایک ایرانی ٹی وی پر آ کر تہلکہ مچا دیا۔ لیکن یہ تہلکہ ان کے شعلہ بیاں خطاب سے نہیں بلکہ ان کے چمکیلے زرد کپڑوں کی وجہ سے مچا۔
مہر نیوز ایجنسی کے مطابق حسین خادمیان ایرانی قومی ٹی وی پر پیلے رنگ کی شرٹ، جوتے اور پیلی گھڑی پہنے ہوئے دکھائی دیے۔
ایرانی علماء عموماً سفید قمیص اور کالا چوغا اور اس کے ساتھ بھورے یا کالے جوتے پہنتے ہیں۔
ایران کے سوشل میڈیا پر حسین خادمیان کے کپڑوں کے رنگ کے انتخاب پر کافی بحث چل رہی ہے اور ان کا مذاق بھی اڑایا جا رہا ہے۔
کچھ لوگ تو ان پر الزام لگا رہے ہیں کہ انھوں نے سستی شہرت حاصل کرنے کی کوشش کی ہے جب کچھ کا کہنا ہے کہ وہ کسی پھل کی طرح دکھائی دے رہے تھے۔
فیس بک پر ایک شخص نے کہا کہ کالے اور پیلے کا مرکب بالکل کیلے کی طرح لگتا ہے۔ ایک اور یوزر نے ان کا موازنہ کینیری پرندے سے کیا۔ ایک یورزر نے کہا کہ اگر وہ گلابی پگڑی پہنتے تو وہ زیادہ جاذبِ نظر لگتے۔
اگرچہ ان کے کپڑے ایران میں شہ سرخیوں میں رہے لیکن ان کا کہنا ہے کہ انھیں سمجھ نہیں آتی کہ مسئلہ کیا ہے۔ یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ ایسا ہوا ہو۔ اس سے قبل بھی ایک ٹی وی شو میں وہ گلابی کپڑے پہن کر آئے تھے لیکن کچھ زیادہ نہیں کہا گیا تھا۔
انھوں نے کہا کہ ’اس کے مقابلے میں یہ کپڑے کچھ بھی نہیں تھے اور پیلا بھی اور رنگوں کی طرح کا ایک قدرتی رنگ ہے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







