بنگلہ دیش: ہلاکتوں پر سوال اٹھانے پر برطانوی صحافی کو سزا

،تصویر کا ذریعہAFP
بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے ایک برطانوی صحافی کو سنہ 1971 کی بنگلہ دیش کی جنگ میں مرنے والوں کے سرکاری اعداد و شمار پر سوال اٹھانے پر توہینِ عدالت کا مجرم قرار دیا ہے۔
انعام یافتہ برطانوی صحافی ڈیوڈ برگمین نے سنہ 1971 کی بنگلہ دیش کی جنگ آزدی میں ہلاکتوں کی سرکاری تعداد پر اپنے ایک بلاگ میں سوال اٹھایا تھا۔
پاکستان سے آزادی حاصل کرنے کی جنگ میں بنگلہ دیش کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 30 لاکھ افراد مارے گئے تھے جبکہ برگمین کا کہنا تھا کہ اس دعوے کی حمایت میں کوئی شواہد موجود نہیں ہیں۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ سنہ 2011 میں برگمین کے ایک مضمون سے ’ملک کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے‘ اور اس لیے ان پر 65 ڈالر کا جرمانہ ادا کرنے یا پھر سات دن قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
سرکاری وکیل توفیق افروز نے خبررساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ ’برگمین توہین عدالت کے مرتکب پائے گئے ہیں اور ان پر پانچ ہزار ٹکا، یا اگر وہ جرمانہ ادا نہیں کرتے ہیں تو سات دن قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ اس کے علاوہ انھیں عدالتی کارروائی کے اختتام تک قید کر لیا گیا ہے۔‘

،تصویر کا ذریعہAFP
مبصرین کے خیال میں اس فیصلے کو بنگلہ دیش کے اظہارِ رائے کی آزادی کی پاسداری کے عہد کے امتحان کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
بنگلہ دیش کی مختصر تاریخ میں سنہ 1971 کی جنگ میں مارے جانے والوں کی تعداد انتہائی متنازع مسئلہ رہا ہے۔
جج نے کہا کہ برگمین نے بین اقوامی کرائم ٹریبیونل پر تبصرہ کرنے میں غیر پیشہ ورانہ طرزِ عمل کا مظاہرہ کیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
واضح رہے کہ بنگہ دیش میں قائم جنگی جرائم کی عدالت نے حزب اختلاف کے بہت سے سرکردہ رہنماؤں کو بنگلہ دیش کی آزادی کی جنگ میں قتلِ عام کا مرتکب قرار دیا ہے اور ان میں سے بعض کو موت کی سزا بھی سنائی ہے۔







