چین: کوئلے کی کان میں آتشزدگی سے 24 ہلاک

،تصویر کا ذریعہAP
چین کی شمال مشرقی ریاست لیوننگ میں واقع ایک کان میں آتشزدگی کے واقعے میں کم از کم 24 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
سرکاری میڈیا نے خبر دی ہے کہ اس واقعے میں 54 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
سرکاری خبررساں ایجنسی زنہوا کے مطابق اس کان کا نظم و نسق حکومتی کمپنی لیوننگ فوکژن کول کارپوریشن کے زیر انتظام تھا۔
حکام کا کہنا کہ اس اندرونی آتشزدگی کی وجہ فوری طور پر معلوم نہ ہو سکی تاہم کمپنی کا کہنا ہے کہ اب ریسکیو آپریشن ختم ہو چکا ہے۔
اطلاعات کے مطابق چین کی کانوں میں اس طرح کے حادثات عام ہیں اور انھیں دنیا کی خطرناک ترین کانیں کہا جاتا ہے۔

،تصویر کا ذریعہXinhua
کہا جاتا ہے کہ ہر سال اس قسم کے حادثات میں سینکڑوں افراد ہلاک ہو جاتے ہیں۔
صرف سنہ 2011 میں سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کان حادثوں میں 1973 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
بہرحال حالیہ برسوں میں چین کی کانوں میں حفاظتی انتظامات میں بہتری آئی ہے کیونکہ اب حکام حفاظتی قوانین و ضوابط کو سختی کے ساتھ نافذ کرنے لگے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
چین میں تقریبا 25 ہزار کانیں ہیں جن میں نجی کانیں بھی شامل ہیں اور سنہ 2010 میں نافذ کیے جانے والے قوانین کے پیش نظر ان میں سے تقریبا 1250 کانوں کو بند کر دیا گيا تھا۔







