بھارت: سرنگ کھود کر بینک لوٹ لیا گیا

بینک حکام پیر کے روز جب واپس آئے تو بینک کے اندر 125 فٹ لمبی سرنگ دیکھ کر چکرا گئے
،تصویر کا کیپشنبینک حکام پیر کے روز جب واپس آئے تو بینک کے اندر 125 فٹ لمبی سرنگ دیکھ کر چکرا گئے

شمالی بھارت میں پولیس حکام ان چوروں کو تلاش کر رہی ہے جنھوں نے 40 میٹر لمبی سرنگ کھود کر پنجاب نیشنل بینک ہریانہ سے ہزاروں ڈالر کیش اور سونا لوٹ لیا ہے۔

نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ بینک لوٹنے والے چور بالی وڈ کی فلم دھوم سے متاثر تھے جس میں اسی طرح کی ڈکیتی دکھائی گئی تھی۔

پولیس کے مطابق اس سرنگ کا آغاز ایک خالی گھر کے اندر سے کیا گیا۔ بینک حکام پیر کے روز جب واپس آئے تو بینک کے اندر ایک لمبی سرنگ دیکھ کر چکرا گئے۔

پولیس حکام کا خیال ہے کہ یہ واقعہ ہفتے کی شب پیش آیا۔ ارو نہرہ ضلع کے سپرنٹنڈنٹ نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو بتایا کہ بینک میں 350 سے زائد لاکرز موجود تھے جن میں سے 77 لاکروں میں موجود نقدی اور سونا لوٹ لیا گیا۔

بینک حکام کے مطابق لوٹے گئے کیش اور سونے کی صحیح مالیت کا ابھی تک اندازہ نہیں لگایا جا سکا ہے۔

بینک مینیجر دیوندر ملک کا کہنا ہے کہ ایسا لگ رہا ہے کہ بینک کو انتہائی منظم منصوبے کے تحت لوٹا گیا ہے جو کہ شاید کئی دنوں میں بنایا گیا تھا۔

ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے لیکن ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔