بھارت اور پاکستان میں طوفان ’نیلوفر‘ کے لیے الرٹ جاری

محکمۂ موسمیات کے مطابق اس طوفان کو ’شدید‘ کے زمرے میں رکھا گیا ہے

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشنمحکمۂ موسمیات کے مطابق اس طوفان کو ’شدید‘ کے زمرے میں رکھا گیا ہے

بحیرۂ عرب سے اٹھنے والے طوفان ’نیلوفر‘ کے متعلق بھارت اور پاکستان دونوں ممالک میں الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

بھارت کے محکمۂ موسمیات نے اتوار کی رات کو ملک کے مغربی کنارے کی طرف بڑھنے والے سمندری طوفان نيلوفر کے متعلق انتباہ جاری کرتے ہوئے اسے ’شدید‘ قرار دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرۂ عرب میں اٹھنے والا یہ طوفان اگلے 24 گھنٹوں میں شدید صورت اختیار کر سکتا ہے۔

ابتدائی الرٹ کے مطابق نيلوفر طوفان کے اثرات سے جمعرات کو گجرات کے سوراشٹر اور كچھ میں تیز بارش ہو سکتی ہے۔

واضح رہے کہ اس ماہ کے اوائل میں بھارت کا سابقہ ’ہدہد‘ نامی سمندری طوفان سے ہوا تھا جس میں جانی نقصان کے علاوہ املاک کو بھی زبردست نقصان پہنچا تھا۔

بحیرۂ عرب میں سمندری طوفان اٹھتے رہتے ہیں جس سے بسا اوقات بہت نقصان ہوتا ہے۔ اس سے قبل سنہ 1999 میں بھارت کی مشرقی ریاست اڑیسہ میں آنے والے سوپر سائیکلون میں 10000 جانیں تلف ہو گئی تھیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل آنے والے طوفان کو ’ہدہد‘ نام عمان نے دیا تھا جبکہ ’نیلوفر‘ پاکستان نے رکھا ہے۔ طوفانوں کے نام رکھنے والے ملکوں کی تنظیم ’ناردرن انڈین اوشیئن نیمز‘میں پاکستان اور بھارت کے علاوہ بنگلہ دیش، مالدیپ، میانمار، عمان، سری لنکا اور تھائی لینڈ شامل ہیں۔

اس ماہ کے اوائل میں ہدہد نامی طوفان سے بھارت کے مشرقی علاقوں میں زبردست تباہی مچی تھی

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشناس ماہ کے اوائل میں ہدہد نامی طوفان سے بھارت کے مشرقی علاقوں میں زبردست تباہی مچی تھی

اس کے بعد انگریزی کے حروف تہجی کے مطابق سمندری طوفان کو نام دینے کی سری لنکا کی باری ہے اور آنے والے طوفان کا نام ’پریا‘ ہوگا۔

خبررساں ادارے اے پی پی کے مطابق پاکستان کے محکمۂ موسمیات نے بتایا ہے کہ بحیرۂ عرب میں ہوا کے زبردست دباؤ نے طوفان کی صورت اختیار کر لی ہے اور پاکستان کے ساحلی علاقوں میں آنے والے دو دنوں میں زبردست بارش کا امکان ہے۔

اطلاعات کے مطابق یہ طوفان گوادر کی جانب بڑھ رہا ہے لیکن یہ رخ بدل کر عمان کی جانب بھی جا سکتا ہے۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ اس کا رخ کس جانب ہوگا لیکن جمعرات تک بلوچستان کے ساحلی علاقوں اور کراچی کے بعض علاقے طوفان کی زد میں آ سکتے ہیں۔

ملاحوں کو سمندر میں دور تک جانے سے باز رہنے کے بارے میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔