بھارت: ٹرین حادثے میں 40 افراد ہلاک، متعدد زخمی

بھارت میں ٹرین حادثے عام ہیں اس قبل ایک حادثے میں متعدد افراد ہلاک ہو گئے تھے

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنبھارت میں ٹرین حادثے عام ہیں اس قبل ایک حادثے میں متعدد افراد ہلاک ہو گئے تھے

بھارت کی شمالی ریاست اتر پردیش میں پولیس کا کہنا ہے پیر کی صبح گوركھ دھام ایکسپریس ٹرین کو پیش آنے والے حادثے میں کم از کم 40 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ 100 سے زیادہ زخمی ہیں۔

خبر رساں ادارے اے پی نے حکام کے حوالے سے کہا ہے کہ ابھی تک 40 افراد کی لاشیں ملیں ہیں جبکہ مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے کیونکہ بعض زخمیوں کی حالت نازک ہے۔

زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

حکام نے بتایا ہے کہ گورکھ پور سے ریاست ہریانہ میں حصار جانے والی ٹرین گورکھ دھام کی چھ بوگیاں پٹری سے اتر گئیں اور پھر وہ ایک رکی ہوئی مال بردار گاڑی سے ٹکرا گئی۔

سینيئر پولیس اہلکار امریندر سینگر نے اے پی کو بتایا: ’اب تک 40 لاشوں کی گنتی کی گئی ہے۔‘

واضح رہے کہ گذشتہ رات بھارتی خبر رساں ادارے نے بھی مرنے والوں کی تعداد 40 بتائی تھی لیکن بعد میں اس تعداد کو کم کرکے 14 کر دیا گیا۔

انھوں نے مزید بتایا کہ ’ایک بوگی بالکل تباہ ہو گئی ہے۔ ابھی یہ معلوم نہیں کہ اس میں کتنے افراد تھے۔‘ عام طور پر ایک بوگی میں 72 سیٹیں ہوتی ہیں تاہم ان ٹرینوں میں ان سے کہیں زیادہ افراد ہوتے ہیں۔

ریلوے کے حکام سنت کبیر نگر کے سٹیشن ماسٹر کی تلاش میں ہیں جو حادثے کے بعد سے غائب ہیں۔ جبکہ اس ٹرین حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔

پیر کی شام بھارت کے 15 ویں وزیر اعظم کے طور پر حلف لینے سے قبل بی جے پی رہنما نریندر مودی نے اپنے ٹوئیٹ میں مرنے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور زخمیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

انھوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا: ’گھورکھ دھام ایکسپریس ٹرین حادثے میں مرنے والوں کے اہل خانہ کے لیے میرا اظہار تعزیت اور زخمیوں کے لیے دعائیں۔‘

لکھنؤ میں موجود سینئر صحافی اتل چندرا نے بتایا کہ گوركھ دھام ایکسپریس کے چار جنرل ڈبے، ایک سلیپر اور ایک اے سی کوچ پٹری سے اتر گئے۔

ترجمان نے بتایا کہ حادثے کے مقام پر امدادی کام کے لیے ایک خصوصی ٹرین بھیجی گئی ہے۔

شمال مشرقی ریلوے کے جنرل منیجر سمیت تمام اعلی اہلکار جائے حادثہ پر پہنچ گئے ہیں اور امدادی مہم چلا رہے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ حادثے میں زخمی ہونے والے مسافروں کو خلیل آباد کے ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

بھارت میں ٹرین حادثے عام ہیں گذشتہ سال ریاست بہار میں راج رانی ٹرین حادثے میں 35 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

بھارت میں نو ہزار مسافر ٹرینیں چلتی ہیں جن میں تقریبا پونے دو کروڑ افراد روزانہ سفر کرتے ہیں۔