بھارت: ٹرین حادثے میں آٹھ افراد ہلاک

ایک سرکاری رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ بھارت میں ہر سال تقریبا پندرہ ہزار لوگوں کی ریل حادثات میں موت ہو جاتی ہے
،تصویر کا کیپشنایک سرکاری رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ بھارت میں ہر سال تقریبا پندرہ ہزار لوگوں کی ریل حادثات میں موت ہو جاتی ہے

بھارت کی جنوبی ریاست آندھرا پردیش میں حکام کے مطابق وجے نگرم کے قریب ٹرین حادثے میں آٹھ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

پولیس نے اتوار کو بتایا کہ مرنے والے آٹھ میں سے سات افراد کی شناخت ہو چکی ہے۔ ان کی لاشوں کو وشاکھا پٹنم کے ہسپتال روانہ کر دیا گيا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی بھی ایک لاش کی شناخت کی جانی باقی ہے۔

ایسٹ کوسٹ یعنی شمالی ساحلی ریلوے کے ترجمان نے بھارتی خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کو بتایا کہ یہ واقعہ سنیچر کی شام پیش آیا جب بوکارو ایکسپریس میں آتش زدگی کی افواہ پھیل گئی۔ یہ ٹرین ایلیپی سے دھنباد جا رہی تھی۔

افواہ سنتے ہی چند مسافر ٹرین سے اتر کر پٹری پار کر رہے تھے کہ دوسری طرف سے آ نے والی ٹرین کی زد میں آ گئے۔

خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق ریلوے حکام نے گوتلم سٹیشن کے قریب ہونے والے اس حادثے کی تصدیق کی ہے۔

ریلوے کے ترجمان جے پی مشرا نے مقامی ٹی وی چینلوں کو بتایا’الیپپي دھنباد ایکسپریس ٹرین کے مسافروں نے آگ لگنے کی افواہ کے بعد ہنگامی زنجیر کھینچ کر گاڑی روک دی اور ٹرین سے اتر گئے۔ یہ لوگ دوسری پٹری سے گزرنے والی رائے گڑھ وجيےواڑا ایکسپریس کو شام کے دھندلکے میں نہ دیکھ سکے اور اس کی زد میں آ گئے۔‘

آندھرا پردیش کے وزیر اعلی کرن کمار ریڈی نے حادثے پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

بھارت میں ہر سال کوئی نہ کوئی ریل حادثہ ہو جاتا ہے اور ان حادثات میں بڑی تعداد میں لوگوں کی موت ہو جاتی ہے۔

سنہ 2012 میں جاری کی جانے والی ایک سرکاری رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ بھارت میں ہر سال تقریباً 15 ہزار افراد حادثات میں ہلاک ہو جاتے ہیں۔

رپورٹ میں خراب حفاظتی معیار کی وجہ سے ہونے والی اموات کو ایک طرح کا قتل عام قرار دیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ رواں سال اگست میں بہار کے کھگڑیا ضلع میں راج رانی ایکسپریس ٹرین کی زد میں آ کر 28 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔