بھارت: ٹرین میں آتشزدگی، ہلاکتوں کی تعداد 26

ٹرین میں آتشزدگی
،تصویر کا کیپشنبھارت میں ٹرین میں آگ لگنے کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں

بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے ضلح اننت پور میں سنیچر کی صبح ناندیڑ جانے والی ٹرین کی بوگی میں آتشزدگی کے سبب دو بچوں سمیت 26 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

جنوب مغربی ریلوے کے ترجمان سي ایس گپتا نے بی بی سی کو بتایا کہ حادثے میں زخمی ہونے والے لوگوں کو قریبی پٹّاپرتھي ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔

ریلوے ترجمان سي ایس گپتا نے بی بی سی کے دلنواز پاشا کو بتایا کہ حادثہ سنیچر کی صبح ساڑھے تین بجے ہوا۔

ریلوے ترجمان کے مطابق حکام کو آگ کے متعلق پہلی اطلاع صبح تین بج کر 45 منٹ پر ملی۔

حکام کے مطابق آگ انجن سے چار بوگی پیچھے موجود ایئركنڈيشڈ بی -1 کوچ میں لگی اور بہت تیزی سے پھیل گئي۔ اس ڈبے کے کوچ اٹنڈينٹ نے آگ بجھانے والے آلے سے آگ بجھانے کی کوشش کی لیکن وہ اس میں ناکام رہے۔

ایک عینی شاہد شرد نے آنسو بہاتے ہوئے فرانسیسی خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ’ ہم سب سو رہے تھے کہ اچانک جلنے کی بو سے جاگ اٹھے، افراتفری تھی اور ہمیں اندازہ ہوا کہ بوگی میں آگ لگی ہوئی ہے، میں نے ٹائلٹ کیبن کی کھڑی کے شیشے توڑ کر تین مسافروں کو باہر نکلنے میں مدد دی لیکن میں اپنی بیوی اور اس کے قریبی عزیز کو نہیں بچا سکا۔‘

جغرافیائی اعتبار سے یہ حادثہ ریاست آندھرا پردیش میں ہوا لیکن ریلوے ڈویژن کے مطابق یہ علاقہ ریاست کرناٹک کے بنگلور ڈویژن میں آتا ہے۔

آتشزدگی کی معلومات ملتے ہی ٹرین کو فوری طور پر روک دیا گيا۔

ریلوے ترجمان نے بتایا کہ لاشوں کو بری طرح جلی ہوئی حالت میں نکالا گیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ افسران موقع پر پہنچ گئے ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجوہات کا ابھی تک پتہ نہیں چلا تاہم حکام کے مطابق حادثے کی وجہ سے ریلوے ٹریفک پر کوئی اثر نہیں پڑا ہے۔