بھارت: ٹرین میں آگ، نو مسافر ہلاک

بھارت کے شہر ممبئی سے دہرادون جانے والی دہرادون ایکسپریس میں بدھ کی صبح آگ لگنے کے نتیجے میں نو مسافر ہلاک ہوگئے ہیں۔

ریلوے کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ ممبئی اور سورت کے درمیان گھولوڈ سٹیشن کے قریب بدھ کی رات ڈھائی بجے یہ حادثہ پیش آیا۔

انہوں نے بتایا کہ دہرادون جا رہی اس ٹرین کے تین کمپارٹمنٹ میں آگ لگ گئی جس میں چار مردوں اور ایک عورت کی دھویں کی وجہ سے دم گھٹنے سے موت ہو گئی۔ دیگر چار افراد کی لاشیں امدادی کارروائی کے دوران بری طرح جلی ہوئی حالت میں ملی ہیں۔

ہلاک ہونے والوں میں چار کی شناخت ہو چکی ہے۔ ریلوے ترجمان کے مطابق امدادی کارروائی مکمل ہو چکا ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ اس حادثے میں کوئی مسافر زخمی نہیں ہوا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ آگ پر دو گھنٹے میں قابو پا لیا گیا تھا۔ باقی تمام مسافروں کو دہرا دون کی طرف بھیج دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آگ لگنے کی وجوہات کا ابھی پتہ نہیں چل سکا ہے۔