بدھا کا ٹیٹو، برطانوی سیاح سری لنکا سے بے دخل

،تصویر کا ذریعہAFP
سری لنکا کے حکام نے ایک برطانوی سیاح خاتون کو اپنے بازو پر بدھ مذہب کے بانی گوتم بدھ کا ٹیٹو بنوانے پر ملک بدر کرنے کا حکم دیا ہے۔
پیر کو بھارت سے سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو کے ہوائی اڈے پر پہنچنے والی نیومی مائیکل کولمین کے دائیں بازو پر کنول کے پھول پر بیٹھے ہوئے بدھ کا ٹیٹو دیکھے جانے پر انھیں فوری طور پر گرفتار کر لیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان کے اس عمل سے دوسروں کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے ہیں۔
برطانوی خاتون کو واپس بھیجے جانے تک تارکین وطن کے حراستی مرکز میں رکھا گیا ہے۔
سری لنکا میں بدھ مذہب کے پیروکاروں کی اکثریت ہے۔ یہاں بدھ کی تصاویر کے حوالے سے خاص طور پر کافی حساس رویہ اپنایا جاتا رہا ہے۔
کولمبو میں برطانوی ہائی کمیشن سے رابطہ کرنے پر انھوں نے بی بی سی کو بتایا: ’ہم اس واقعے پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور ضروری مدد فراہم کر رہے ہیں۔‘
گذشتہ سال مارچ میں بھی سری لنکا میں ایسا ہی ایک معاملہ سامنے آیا تھا جب ایک برطانوی سیاح کو کولمبو کے بین الاقوامی ہوائی اڈے میں داخل ہونے سے روک دیا گیا تھا۔
برطانوی سیاح کا کہنا ہے کہ وہ اس صورتِ حال پر حیران ہیں، اور وہ حکام سے مسلسل اصرار کرتی رہیں کہ وہ خود بدھ مت کی ماننے والی ہیں اور بدھ کے احترام کے پیشِ نظر ہی انھوں نے وہ ٹیٹو بنوایا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہAFP
ان کے بقول ہوائی اڈے پر سب کچھ ٹھیک تھا تاہم باہر آنے پر ایک ٹیکسی ڈرائیور نے انھیں بتایا کہ ان کے بازوں پر بنا بدھ کا ٹیٹو انتہائی سنگین مسئلہ ہے۔ پھر سادہ کپڑوں میں ملبوس ایک پولیس اہلکار انھیں پولیس سٹیشن لے گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سری لنکن حکام نے ان کا موقف جاننے کی کوشش نہیں کی اور انھیں ملک بدر کرنے کا حکم سنا دیا۔
برطانوی سیاح کا کہنا تھا کہ انھیں سری لنکا کے بعد مالدیپ جانا تھا اس لیے انھوں نے سری لنکن حکام سے کہا کہ وہ وہاں چلی جاتی ہیں، تاہم حکام نے بتایا کہ انھیں برطانیہ ہی ڈی پورٹ کیا جائے گا۔
دو سال پہلے سری لنکا میں بدھ کی مورتی کو چومنے کے الزام میں تین فرانسیسی سیاحوں کو جیل بھیج دیا گیا تھا۔
برطانوی محکمۂ سیاحت سری لنکا سیر کے لیے جانے والوں کو بدھ مذہب سے منسلک مسائل کے بارے میں ہمیشہ آگاہ کرتا رہا ہے۔ سیاحوں کو بدھ کی مورتی کے سامنے تصاویر کھنچوانے سے بھی منع کیا جاتا رہا ہے۔
حالیہ برسوں میں کچھ کٹر بدھ گروہوں کے راہبوں کی طرف سے مسلمانوں اور عیسائیوں کے خلاف پر تشدد حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP







