ووڈکا کی بوتلوں سے املا کی غلطی تک

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
- مصنف, داؤد قاری زادہ
- عہدہ, بی بی سی، افغانستان
افغان صدارتی انتخابات میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹس میدان جنگ بنی ہوئی ہیں اور ان پر نہ صرف امیدواروں کے بارے میں تبصرے کیے جا رہے ہیں بلکہ ان کا مذاق بھی اڑایا جا رہا ہے۔
افغانستان کے مشرقی صوبے ننگرہار کے گورنر گل آغا شیرزئی صوبے میں بڑے پیمانے پر شہری تعمیرِ نو کے منصوبوں کی وجہ سے ’بل ڈوزر‘ کے نام سے مشہور ہیں۔ اسی لیے انہوں نے انتخابی نشان بھی بل ڈوزر ہی رکھا ہے تاکہ وہ لوگ جو پڑھ لکھ نہیں سکتے وہ بھی بل ڈوزر کی تصویر دیکھ کر ان کو ووٹ دیں۔
جنوری میں ان کی ایک تصویر شائع ہوئی جس میں وہ سنہری رنگ کی ایک بڑی سی کرسی پر بیٹھے ہیں جبکہ ان کے ساتھی چاندی کے رنگ کی چھوٹی کرسیوں پر بیٹھے ہیں۔
اس تصویر کا بہت مذاق اڑایا گیا ہے۔ فیس بک کے ایک صارف نے لکھا: ’یہ سیاسی اجتماع سے زیادہ شادی کی تقریب لگ رہی ہے۔‘
تاہم شیرزئی اکیلے نہیں ہیں جن کا مذاق اڑایا جا رہا ہے۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
سابق وزیر خارجہ عبداللہ عبداللہ جو 2009 کے الیکشن میں حامد کرزئی کے مدِمقابل تھے، ان کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس میں وہ اپنے رفقا سے بات چیت کر رہے ہیں۔
اس تصویر کو پہلی بار دیکھیں تو ایک عام سی تصویر ہے لیکن غور سے دیکھنے سے میز پر دو ووڈکا کی بوتلیں نظر آتی ہیں۔ شراب کی ان دو بوتلوں کا اضافہ فوٹو شاپ کے ذریعے کیا گیا ہے۔
اسی طرح سابق وزیر خزانہ اشرف غنی احمدزئی کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے اور اس کا مذاق اڑایا جا رہا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس تصویر میں احمدزئی مکہ میں ہاتھ بلند کر کے دعا مانگتے ہوئے نظر آ رہے ہیں لیکن خانہ کعبہ ان کے پیچھے ہے۔
سوشل میڈیا میں جہاں تصاویر پر تبصرے ہو رہے ہیں، وہیں صدارتی امیدواروں کے بیانات بھی تنقید کی زد میں آ رہے ہیں۔
ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ کی صدارتی مہم کا نعرہ ہے: ’مرد اپنا وعدہ پورا کرتے ہیں۔‘ اس نعرے پر تنقید کی جا رہی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ یہ نعرہ خواتین کی بے عزتی کے مترادف ہے۔
ڈاکٹر عبداللہ کے اس نعرے کے پوسٹر کابل کے چپے چپے پر لگائے گئے لیکن تنقید کے بعد یہ پوسٹرز اتار لیے گئے۔
جہاں تصاویر اور نعروں کے حوالے سے سوشل میڈیا پر یہ امیدوار بحث کا موضوع بنے ہوئے ہیں، وہیں املا کی وجہ سے بھی ہدفِ تنقید آئی ہیں۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
صدارتی امیدوار اور شابق وزیر خارجہ زلمے رسول کی صدارتی مہم کا مرکزی لفظ ہے ’سازندگی۔‘ سازندگی دری کا لفظ ہے جس کا مطلب تعمیرِ نو ہے لیکن بدقسمتی سے اس کا مطلب میوزک بینڈ بھی ہے۔ اسی لیے سوشل میڈیا پر زلمے کو ایک کارٹون روک گٹارسٹ کے طور پر دکھایا گیا ہے۔
حامد کرزئی کے بھائی اور صدارتی امیدوار قیوم کرزئی کی صدارتی مہم کے پوسٹرز پر املا کی غلطی کے باعث مذاق اڑایا جا رہا ہے۔ لوگوں نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاید اقتدار میں آنے کی توقع کی وجہ سے املا خراب ہو گئی ہے۔
اسی طرح قیوم کرزئی اپنی پہلی تقریر اچھی نہ کر سکے۔ اس پر لوگوں نے اعتراض کیا ہے کہ اگر املا صحیح نہیں اور تقریر بھی نہیں کرنی آتی تو پھر وہ ملک کیسے چلائیں گے۔







