تہلکہ کے مدیر کے خلاف ریپ کی چارج شیٹ عائد

،تصویر کا ذریعہReuters
گووا پولیس نے بھارت میں جریدے تہلکہ کے سابق ایڈیٹر ترون تیج پال کے خلاف جنسی حملے کے الزام میں چارج شیٹ داخل کر دی ہے۔
ترون تیج پال اپنے ہی ادارے کی ایک خاتون صحافی سے جنسی بدسلوکی کے الزام میں عدالتی حراست میں ہیں۔
گووا پولیس کے ایڈیشنل ڈی آئی جی او پی مشرا نے بی بی سی کو بتایا: ’گووا پولیس نے ترون تیج پال کے خلاف چارج شیٹ داخل کر دی ہے۔‘
ترون تیج پال پر لگائے گئے الزامات میں نئے فوجداری قانون کے تحت ریپ کا معاملہ بھی شامل ہے۔
ترون تیج پال کو 30 نومبر 2013 کو گرفتار کیا گیا تھا۔ ان پر آئی پی سی کی دفعات 341 ، 342 ، 354 - اے اور 376 لگائی گئی ہیں۔
تیج پال پر فوجداری قانون (ترمیم) ایکٹ، 2013 کی دفعہ 376 (2) (کے) کے تحت بھی الزام لگایا گیا ہے، جس کا مطلب ہے کہ ایک ایسے شخص کی طرف سے ریپ کی کوشش جو خواتین کو کنٹرول میں کرنے کی حیثیت میں ہو۔
ان پر یہ الزام بھی لگایا گیا ہے کہ انہوں نے ایک ایسی خاتون کو ریپ کی کوشش کی جو انہیں اپنا سرپرست مانتی تھی۔
ترون تیج پال کو عدالتی حراست میں بھیجنے سے پہلے دفاع کے وکیل نے عدالت سے ضمانت دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ تیج پال تفتیش میں تعاون کے لیے گووا میں رہنے کے لیے تیار ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
استغاثہ نے معاملے کی سنجیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے عدالت سے تیج پال کو ضمانت نہ دینے کی استدعا کی تھی۔
استغاثہ کا کہنا تھا کہ ملزم اپنے رتبے اور حیثیت کا استعمال کر کے تفتیش کو متاثر کر سکتے ہیں۔ استغاثہ نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ متاثرہ خاتون صحافی اپنے خاندان کی واحد کفیل ہیں۔







