ایل او سی: کشمیری جنگ بندی کے حق میں

مارچ کے شرکا ہندوستان اور پاکستان کے درمیان دوستی کی حمایت میں نعرے لگا رہے تھے
،تصویر کا کیپشنمارچ کے شرکا ہندوستان اور پاکستان کے درمیان دوستی کی حمایت میں نعرے لگا رہے تھے
    • مصنف, ریاض مسرور
    • عہدہ, بی بی سی اُردو ڈاٹ کام، سری نگر

گذشتہ ماہ نیویارک میں بھارت اور پاکستان کے وزرائے اعظم کی ملاقات کے بعد بھی کشمیر کی عبوری سرحد لائن آف کنٹرول پر فائرنگ اور تصادم جاری رہنے سے کشمیری حلقوں میں خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔ شاید یہی وجہ ہے کہ یہاں کی ہندنواز اور ہندمخالف تنظیمیوں نے تقریباً یکساں لہجہ میں بھارت اور پاکستان کے درمیان تعلقات کی بہتری اور لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کے نفاذ کی حمایت کی ہے۔

پیر کے روز ہند نواز سیاسی تنظیم پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی یا پی ڈی پی نے کشمیر میں ایک امن مارچ کیا جس کے دوران بھارت اور پاکستان کے درمیان دوستی کے نئے آغاز اور ایل او سی پر قیام امن کا مطالبہ کیا گیا۔

پی ڈی پی مسئلہ کشمیر کے حل میں پاکستان کو اہم فریق مانتی ہے۔ پی ڈی پی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے سرینگر میں امن مارچ کی قیادت کی۔ اس مارچ میں سینکڑوں نوجوان، مرد اور خواتین نے حصہ لیا۔ مظاہرین ہندوستان اور پاکستان کے درمیان دوستی کی حمایت میں نعرے لگا ہے تھے۔

انھوں نے کہا: ’میں بھارت کی حکومت اور وہاں کی اپوزیشن اور پاکستان کے وزیراعظم سے کہنا چاہتی ہوں کہ کشمیر کے لوگ دونوں ملکوں کے درمیان جنگ نہیں چاہتے بلکہ امن چاہتے ہیں۔‘

میر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ جنوب ایشیا میں امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے
،تصویر کا کیپشنمیر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ جنوب ایشیا میں امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے

ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کے مسئلے کا حل دونوں ملکوں کے درمیان دوستی پُل بن سکتا ہے۔

علیحدگی پسندوں کے اتحاد حریت کانفرنس کے ایک دھڑے کے سربراہ میر واعظ عمرفاروق نے بھی دونوں ملکوں سے کہا ہے کہ جنوب ایشیا میں امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل کیا جانا ناگزیر ہے۔

کشمیر کی بیشتر علیحدگی پسند تنظیمیں لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کے لیے بھارت کو ذمہ دار مانتی ہیں۔

علیحدگی پسندگروپوں کے اتحاد حریت کانفرنس کے ایک دھڑے کے رہنما سید علی گیلانی کہتے ہیں کہ 1948 میں اقوام متحدہ کی نگرانی میں دونوں ملکوں نے جنگ بندی کرلی تو ایک سیز فائر لائن بنی جو بعد میں لائن آف کنٹرول کہلائی۔ اقوام متحدہ نے اس عبوری سرحد پر دونوں ملکوں کی افواج کو جنگ سے باز رکھنے کے لیے مبصرین تو تعینات کیے لیکن مسئلہ کشمیر حل کرنے میں کوئی اقدامی کارروائی نہِیں کی۔

سید علی گیلانی نے حالیہ کشیدگی کے لیے بھارت کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے
،تصویر کا کیپشنسید علی گیلانی نے حالیہ کشیدگی کے لیے بھارت کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے

ان کا کہنا ہے: ’اگر بھارت خود حقیقت پسندی کا مظاہرہ کرکے مسئلۂ کشمیر کے حل میں پہل کرتا تو جنگ کے بادل نہ منڈلاتے۔ اس سب سے کے لیے بھارت ذمہ دار ہے۔‘

واضح رہے کہ چھ اگست کو لائن آف کنٹرول کے پونچھ سیکٹر میں مسلح افراد نے پانچ بھارتی فوجیوں کو ہلاک کردیا تھا جس کے بعد بھارت اور پاکستان کے سفارتی تعلقات کشیدہ ہوگئے۔ ایل او سی پر دونوں جانب بلااشتعال فائرنگ کے الزامات سامنے آئے۔ ان واقعات سے سینکڑوں لوگ متاثر ہوئے اور ایل او سی پر موجود انتہائی جنگ زدہ آبادیاں ہجرت پر مجبور ہوگئیں۔

قابل ذکر ہے کہ دس سال قبل دونوں ملکوں نے 740 کلومیٹر طویل لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کا معاہدہ کرلیا تھا۔ تازہ کشیدگیوں کے بعد دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم نے نیویارک میں ملاقات کے بعد اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کو ختم کیا جائے گا لیکن اس کے باوجود کشیدگی میں اضافہ ہوا۔