شیر کی آنکھ میں موتیا: ایک شیر جو شکار کے قریب پہنچ کر رک جاتا ہے

،تصویر کا ذریعہHanif khokar
- مصنف, حنیف کھوکھر
- عہدہ, صحافی ، جونا گڑھ ، گجرات
انڈیا کی ریاست گجرات کے گیر کے جنگلوں میں شیروں کے ماہرین نے ایک شیر کی حرکات کے بارے میں ایک عجیب وغریب بات نوٹس کی۔ وہ اپنے شکار کی طرف تیزی سے دوڑتا ہوا آتا اور جیسے ہی شکار کے قریب پہنچتا وہ اس پرحملہ کرنے کے بجائے رک جاتا ۔
ماہرین نے اس شیر پر گہری نظر رکھی۔ پانچ برس کے اس شیر کا معائنہ کرنے کے بعد پتہ چلا کہ اس کی دونوں آنکھوں میں موتیا کا اثر ہے ۔شیر کو جونا گڑھ کے سکر باغ چڑیا گھر میں منتقل کر دیا گیا ۔وہاں اس کا علاج کیا گیا۔
سکر باغ چڑیا گھر کے سینئیر ڈاکٹر ریاض کادیوار نے بتایا کہ ''ہم نے حال ہی میں اس شیر کا آپریشن کیا ہے۔ جنگل کے مقامی عملے نے شیر پر نظر رکھنے کے بعد معلوم ہوا کہ اس کی آنکھ میں کچھ مسئلہ ہے ۔مقامی عملے نے اس شیر کو پکڑ کر جام واڑہ کیر سنٹر بھیج دیا۔ وہاں کے ڈاکٹروں نے ہم سے رابطہ کیا ۔ہم نے جانوروں کے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم وہاں بھیجی۔"
ڈاکٹروں کو پتہ چلا کہ شیر کی دونوں آنکھیں پوری طرح موتیے سے متاثر تھیں۔"
شیر کے لیے تمل ناڈو کے مدورائے شہر میں لنز بنانے والی ایک کمپنی سے رابطہ کیا گیا۔ اس نے سکر باغ چڑیا گھر کی معلومات کی بنیاد پر لنز بنائے۔ ڈاکٹر ریاض کادیوار نے بتایا کہ'' ہم نے شیر کو بیہوش کیا اور شیر کی آنکھوں کی پیمائش کی۔ پیمائش کی تفصیل مدورائے کی کمپنی کو بھیجی۔اس کمپنی نے ہمیں ایک مہینے کے اندر لنز بنا کر دے دیے۔''

،تصویر کا ذریعہHanif khokhar
پہلے شیر کی ایک آنکھ کا آپریشن کیا گیا۔ اس کے بعد اسے ڈاکٹروں کی نگہداشت میں دس دن تک الگ رکھا گیا ۔ اس کے بعد اس کی دوسری آنکھ کا بھی آپریشن کیا گیا اور اس بار پندرہ دنوں تک نگہداشت میں رکھا گیا۔
شیر اب آپریشن سے صحت مند ہو چکا ہے۔ اس کی دونوں آنکھوں کی بینائی واپس آگئی ہے۔ سکر گھر کے چڑیا گھر میں اس کی دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔ پوری طرح صحت مند ہونے اور کچھ دن اور نگرانی میں رکھنے کے بعد اس شیر کو گیر کے جنگل میں دوبارہ چھوڑ دیا جائے گا ۔
ڈاکٹروں کو امید ہے کہ موتیا کے آپریشن کے بعد یہ شیر ایک بار پھر معمول کی طرح شکار کر سکے گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہHanif Khokhar











