یوکرین روس جنگ: ’ماریوپل کے آخری محافظوں کو مارا گیا تو امن مذاکرات ختم‘ زیلینسکی کی تنبیہ

،تصویر کا ذریعہAFP
یوکرین کے صدر زیلنسکی نے خبردار کیا ہے کہ اگر روس نے ماریوپل کے محافظوں میں سے کسی کو ہلاک کیا یا مقبوضہ شہر خیرسون میں آزادی کا ریفرنڈم کرایا تو یوکرین ماسکو کے ساتھ امن مذاکرات ختم کر دے گا۔
انھوں نے امن مذاکرات کے لیے روس کے صدر ولادیمیر پوتن سے ملنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
سنیچر کی شام پریس کانفرنس میں یوکرین کے صدر ولادیمر زیلنسکی نے بتایا کہ امریکی وزیر خارجہ انتونی بلنکن اور وزیر دفاع لائیڈ آسٹن آج کیو کا دورہ کریں گے۔ وہ جنگ شروع ہونے کے بعد یوکرین آنے والے اب تک کے سب سے سینئر امریکی رہنما ہیں۔
زیلنسکی کا کہنا ہے کہ انھیں امید ہے کہ وہ کچھ لاجسٹک سپورٹ کے ساتھ ساتھ ان کی حمایت کے لیے آ رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ کم از کم 5000 بچوں سمیت نصف ملین سے زیادہ افراد کو روس کے زیر قبضہ یوکرین کے کچھ حصوں سے روسی علاقوں میں بھیج دیا گیا ہے۔
واشنگٹن نے ابھی تک اس دورے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
یوکرین میں جاری جنگ میں روسی حملوں میں ایک بار پھر شدت آ گئی ہے اور حکام کا کہنا ہے کہ روس نے فضائی حملوں اور گولہ باری میں یوکرین کے مختلف شہروں کو نشانہ بنایا ہے۔
یوکرین کے صدر زیلینسکی کے مطابق اودیسا میں ایک رہائشی عمارت پر روسی گولہ باری کے نتیجے میں کم از کم آٹھ شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یوکرین کے مشرقی علاقے لوہانسک میں روسی گولہ باری کے نتیجے میں آٹھ افراد ہلاک اور دو زخمی ہو گئے ہیں۔
علاقائی سربراہ سرہی ہیدائی نے ایک ٹیلیگرام پوسٹ میں لکھا ہے کہ سنیچر کے روز ہرسکے اور زولوٹ کے قصبوں پر بمباری سے چھ افراد ہلاک ہوئے۔
اس کے علاوہ دو خواتین پوپاسنا کے قصبے میں ایک تباہ شدہ مکان کے ملبے کے نیچے سے مردہ حالت میں ملیں ہیں، یہاں کئی روز قبل حملہ ہوا تھا۔
ہیدائی کا یہ بھی کہنا ہے کہ سویرودونستک شہر میں ایک پولیس دفتر کو تباہ کر دیا گیا۔
اس ہفتے کے شروع میں روس نے کہا تھا کہ وہ دارالحکومت کیو سمیت شمالی یوکرین پر قبضہ کرنے میں ناکامی کے بعد اب اپنی فوجی کارروائی لوہانسک اور پڑوسی دونیدسک علاقوں پر قبضہ کرنے پر مرکوز کر رہا ہے۔

،تصویر کا ذریعہReuters
روس ماریوپل میں ازوستال سٹیل ورکس پر حملے جاری رکھے ہوئے ہے
یوکرین کی مسلح افواج کا کہنا ہے کہ روس ماریوپل میں ازوستال سٹیل ورکس میں اس کے یونٹوں پر حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔
امریکہ میں قائم تھنک ٹینک انسٹی ٹیوٹ فار دی سٹڈی آف وار نے یوکرین میں روس کے حملے پر اپنی تازہ ترین تازہ رپورٹ جاری کی ہے۔
تھنک ٹینک کا کہنا ہے کہ روسی فوجیوں نے ماریوپل میں ازوستال سٹیل ورکس پر دباؤ بڑھانے کا عمل جاری رکھا ہوا ہے جو شہر کا آخری دفاعی مورچہ ہے۔
اس میں مزید کہا گیا ہے کہ روسی افواج سٹیل پلانٹ کے باقی ماندہ محافظوں کو بھوکا مارنے کی کوشش کریں گی اور پھنسے ہوئے شہریوں کو وہاں سے نکالنے کی اجازت نہیں دیں گی۔
بتایا جا رہا ہے کہ یہاں سینکڑوں لوگ پناہ لیے ہوئے ہیں۔
یوکرین کی مسلح افواج کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں فضائی حملے کیے گئے ہیں اور جنوبی شہر سے انخلا روک دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے

،تصویر کا ذریعہGetty Images
اقوام متحدہ کے سربراہ روس اور یوکرین سے پہلے ترکی کیوں جا رہے ہیں؟
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس ماسکو اور کیو کے دورے سے قبل ترکی کا دورہ کریں گے۔
اقوام متحدہ نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ انتونیو گوتریس پیر کو ترکی کے دارالحکومت انقرہ کا دورہ کریں گے جہاں وہ صدر رجب طیب اردوغان سے ملاقات کریں گے۔
ترکی نے یوکرین اور روس کے درمیان جنگ بندی کی ثالثی کی اور امن مذاکرات کا انعقاد کیا۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ اسی وجہ سے گوتیرس پہلے ترکی جا رہے ہیں۔
اس کے بعد گوتیرس منگل کو ماسکو پہنچیں گے جہاں وہ روسی صدر ولادیمیر پوتن اور وزیر خارجہ سرگئی لیوروف سے ملاقات کریں گے۔
جمعرات کو ان کا آخری پڑاؤ یوکرین کا دارالحکومت کیو ہوگا، جہاں وہ یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی اور وزیر خارجہ دمتری کولیبا سے ملاقات کریں گے۔
تاہم یوکرین کے صدر زیلنسکی نے یوکرین سے پہلے روس کے اس اقدام کی مذمت کی ہے۔
زیلینسکی کا کہنا ہے کہ گوتیرس کو یوکرین آنا چاہیے اور پوتن سے ملاقات سے پہلے یہاں کی زمینی صورتحال کو دیکھنا چاہیے۔











