آرین خان کیس: این سی بی کے تفتیش کاروں پر شاہ رخ خان سے 25 کروڑ کی رشوت مانگنے کا الزام

آرین خان

،تصویر کا ذریعہKKP Agency

،تصویر کا کیپشناین سی بی کی حراست کے دوران گوسوائی آرین خان کے پاس نظر آ رہے ہیں اور بظاہر ان کی کسی سے بات کرا رہے ہیں
    • مصنف, شکیل اختر
    • عہدہ, بی بی سی اردو، دہلی

فلم سٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کے خلاف منشیات کے کیس میں ایک گواہ نے الزام لگایا ہے کہ منشیات کی روک تھام کے بیورو این سی بی کے تفتیش کاروں نے آرین کی رہائی کے لیے شاہ رخ خان سے 25 کروڑ روپے کی رشوت مانگی تھی۔

پربھاکر سائل اس معاملے میں این سی بی کے ساتھ کام کرنے والے ایک مبینہ پرائیوٹ جاسوس کے پی گوسوائی کے محافظ ہیں اور اس معاملے میں این سی بی کے ایک گواہ ہیں۔

پربھاکر نے عدالت میں داخل کے گئے ایک حلف نامے میں دعویٰ کیا ہے کہ گوسوائی نے تین اکتوبر کی صبح شاہ رخ خان کی مینیجر پوجا ڈلڈانی سے ملاقات کی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے گوسوائی کو فون پر ایک شخص سے باتیں کرتے ہوئے سنا جس میں مبینہ طور پر گوسوائی نے کہا کہ معاملہ 18 کروڑ پر طے ہوا ہے جس میں سے 8 کروڑ این سی بی کے تفتیش کار سمیر وانکھیڑے کو دیے جانے تھے۔

پربھاکر نے بیان حلفی میں یہ الزام بھی عائد کیا ہے کہ تفتیش کار سمیر وانکھیڑے نے ان سے کئی سادہ کاغذات پر دستخط کرائے تھے۔

این سی بی نے ان الزامات کو پوری طرح مسترد کر دیا ہے۔ بیورو کے سربراہ نے کہا ہے کہ اس معاملے کی تفتیش چیف ویجلینس افسر سے کرائی جائے گی۔

این سی بی کے تفتیش کار سمیر وانکھیڑے نے ممبئی کے پولیس سے شکایت کی ہے کہ انہیں فرضی معاملے میں پھنسانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے پیر کو ممبئی کی سیشن کورٹ میں بھی ایک بیان حلفی داخل کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آرین خان کیس میں ان کے گواہوں پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

سمیر وانکھیڑے

،تصویر کا ذریعہTwitter

،تصویر کا کیپشنسمیر وانکھیڑے پہلے بھی تنازعوں کا شکار رہ چکے ہیں

انہوں نے مزید کہا ہے کہ جب سے یہ معاملہ سامنے آیا ہے ان کے اوپر زبردست دباؤ ہے۔ ان پر ذاتی نوعیت کے حملے کیے جا رہے ہیں، انہیں دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور فرضی معاملے میں پھنسایا جا سکتا ہے۔

ادھر پربھاکر سائل نے بھی ممبئی پولیس سے اپنے لیے تحفظ کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ انہیں قتل کیا جا سکتا ہے۔ پربھاکر نجی محافظ فراہم کرنے کا کاروبارکرتے ہیں۔ انہیں جولائی میں پرائیویٹ جاسوس کے پی گوسوائی نے اپنے تحفظ کے لیے رکھا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

گوسوائی 3 اکتوبر کو کروز پر چھاپے کے دوران این بی سی کے اہلکاروں کے ساتھ تھے۔ آرین خان کی گرفتاری کے بعد اگلے روز حراست کے دوران آرین کے ساتھ گوسوائی کی ایک سیلفی وائرل ہوئی تھی جس کے بعد یہ سوال اٹھا کہ ایک این سی بی کا اہلکار نہ ہوتے ہوئے وہ حراست میں رکھے گئے آرین خان کے ساتھ یسے موجود تھا۔ بعد میں این سی بی نے وضاحت کی کہ وہ اس معاملے میں بیورو کی مدد کر رہے ہیں اور یہ کہ انہی کی اطلاع پر بیورو نے چھاپہ مارا تھا۔

لیکن معاملہ اس وقت پیچیدہ ہو گیا جب مقامی پولیس نے بتایا کہ گوسوائی کے خلاف ایک پرانا فراڈ اور دھوکہ دہی کا معاملہ ہے اور پولیس کو ان کی تلاش ہے۔

آرین خان،

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنشاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کو انڈیا میں منشیات کی روک تھام کے ادارے نین سی بی نے منشیات خریدنے کے الزامات کے تحت گرفتار کر رکھا ہے

گوسوائی کی ایک اور ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ آرین خان کی بغل میں بیٹھے ہیں اور موبائل پر بظاہر آرین خان کی کسی سے بات ہو رہی ہے۔ وہ موبائل کا سپیکر آرین کی طرف لاتے ہیں پھر آرین خان کچھ مختصر سا جواب دیتے ہیں۔ اس ویڈیو میں یہ نہیں سنا جا سکتا کہ بات کیا ہو رہی ہے۔

گوسوائی پچھلے کچھ دنوں سے لاپتہ ہیں۔

آرین خان کو ان کے چند دوستوں کے ہمراہ تین اکتوبر کو ایک کروز شپ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ تفتیش کاروں کو آرین خان کے قبضے سے کوئی منشیات نہیں ملی ہیں لیکن تفتیش کار ان کے واٹس ایپ پر ہونے والی بات چیت کی بنیاد پر تفتیش کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں آرین خان کی دوست اور فلم اداکارہ اننیہ پانڈے سے بھی این سی بی دو بار پوچھ گچھ کر چکی ہے۔

نارکوٹکس کنٹرول بیورو یعنی این سی بی ایک مرکزی ادارہ ہے۔ ریاست مہاراشٹر میں شیو سینا کی قیادت میں اپوزیشن کی حکومت ہے۔ ریاستی حکومت کا کہنا ہے کہ مہاراشٹر کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہو رہی ہے۔ ریاست کے وزیر نواب ملک نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’بی جے پی این سی بی کے توسط سے بالی ووڈ کو ڈرانے کی کوشش کر رہی ہے۔ وہ مہاراشٹر کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ہم بہت جلد اس کا پرہ فاش کر دیں گے۔‘

این سی بی اور ریاستی حکومت کی اس کشمکش کے درمیان شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان ، ان کے دوست ارباز مرچنٹ اور من من دھمیچا ممبئی کی آرتھر روڈ جیل میں قید ہیں۔ ان کی ضمانت کی درخواست ذیلی عدالتوں سے مسترد ہو چکی ہے۔ آرین خان اور دیگر افراد نے ممبئی ہائی کورٹ میں ضمانت کی درخواست داخل کی ہے جس پر سماعت 26 اکتوبر کو ہوگی۔