انڈیا نیپال سرحد پر فائرنگ، ایک ہلاک دو زخمی

،تصویر کا ذریعہANI
- مصنف, سیٹو تیواڑی
- عہدہ, بی بی سی ہندی کے لیے
انڈیا کی ریاست بہار کے سیتامڑھی ضلع میں انڈیا نیپال سرحد پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص کی ہلاکت جبکہ دو افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
سیتامڑھی کے پولیس ایس پی انیل کمار نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اس واقع کی تصدیق کی اور کہا کہ سیتامھڑی کے سونبرسا علاقے میں انڈیا کی طرف سے جانکی نگر اور نیپال کے علاقے ناراینپور میں جمعہ کے روز صبح ساڑھے آٹھ سے نو بجے کے درمیان فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ’انڈیا کی مقامی آبادی اور نیپال پولیس کے درمیان جھڑپ ہونے کے بعد فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہو ئے ہیں۔ زخمیوں کا علاج جاری ہے اور دونوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔‘
تاہم انہوں نے اس جھڑپ کی وجہ واضح نہیں کی۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہAFP
اطلاعات کے مطابق نیپال کی جانب سے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نیپالی سکیورٹی فورس نے اس وقت گولیاں چلائیں جب کچھ انڈین شہریوں نے نیپال میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کی۔ ضلع سپتاری کے اعلیٰ اہلکار شنکر ہری آچاریہ کا کہنا ہے کہ یہ سمگلر تھے جو پہلے کم اور پھر بڑی تعداد میں آئے۔
تاہم ہلاک ہونے والے شخص ویکیش رائے کے والد ناگیشور رائے نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ’سرحد کے قریب واقع کھیت پر صبح پانچ چھ لوگ کام کرنے گئے تھے۔ نیپالی پولیس والوں نے انھیں کام کرنے سے منع کیا۔ اس کے بعد نیپال پولیس نے گولی چلا دی جس میں میرے بیٹے ویکیش رائے کو سینے پر گولی لگی اور اس کی موت ہو گئی۔ نیپال پولیس نے سولہ سترہ بار گولیاں چلائیں۔‘
سیتامڑھی کے رکن پارلیمان سونیل کمار پنٹو نے نیپال اور انڈیا کے تعلق کو روٹی ۔ بیٹی کا رشتہ کہتے ہوئے سب سے امن قائم رکھنے کی اپیل کی ہے۔
انھوں نے بی بی سی ہندی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے سرحد کو سیل کر دیا گیا تھا۔ جمعہ کی صبح دو خاندان نو مینز لینڈ پر ملنے آئے تھے۔ ان میں سے ایک انڈین نژاد نیپالی خاندان تھا اور دوسرا انڈین۔ دونوں کے خواتین آپس میں بات کر رہی تھیں تو نیپالی پولیس انھیں بھگانے لگی۔ وہاں موجود خاندان کے مردوں نے پولیس کو ایسا کرنے سے منع کیا، جس پر ان کی ہلکی جھڑپ ہوئی اور نیپالی پولیس نے گولی چلا دی۔ ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ ان میں سے ایک شخص کو نیپالی پولیس اپنے ساتھ لے گئی۔ اب دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام وہاں پہنچ گئے ہیں۔‘
سیتامڑھی کے مقامی صحافی گیانرنجن نے بی بی سی کو بتایا کہ ’نیپال پولیس کے مطابق انڈین شہریوں نے ان سے ہتھیار چھیننے کی کوشش کی تھی۔ باقی جو ہمیں اطلاعات موصول ہو رہی ہیں ان کے مطابق پانچ انڈین شہریوں کو گولی لگی تھی جن میں سے ایک ویکیش عرف وکاس نے دم توڑ دیا ہے۔‘
گیانرنجن کے مطابق یہ واقعہ نیپال کی علاقے میں پیش آیا۔ انھوں نے بتایا کہ لاک ڈاون کے دوران بھی تھوڑی بہیت کشیدگی رہی ہے لیکن کوئی بڑا واقعہ پیش نہیں آیا تھا۔










