کابل میں ملٹری اکیڈمی کی بس پر خودکش حملہ، 15 کیڈٹس ہلاک

ملٹری اکیڈمی

،تصویر کا ذریعہAFP

افغانستان کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ دارالحکومت کابل میں ملٹری اکیڈمی کی بس پر خود کش حملے میں کم از کم 15 کیڈٹس ہلاک ہوئے ہیں۔

وزارت دفاع کے ترجمان دولت وزیری نے کہا کہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر کے ساڑھے تین بجے ایک خود کش حملہ آور نے مارشل فہیم ملٹری اکیڈمی کی بس کو نشانہ بنایا۔

انھوں نے مزید کہا کہ اس بس میں وہ کیڈٹس سوار تھے جو ملٹری اکیڈمی میں کم دورانیے کے کورسز میں زیر تربیت ہیں۔

دولت وزیری نے برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کو بتایا کہ خودکش حملہ آور نے ملٹری اکیڈمی کی بس کو نشانہ بنایا جب یہ بس مارشل فہیم ملٹری اکیڈمی سے نکل رہی تھی۔ 'اس خود کش حملے کے نتیجے میں ملٹری اکیڈمی میں زیر تربیت 15 کیڈٹس ہلاک جبکہ چار زخمی ہوئے ہیں۔' اطلاعات کے مطابق خود کش حملہ آوور پیدل تھا۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز ہی افغانستان میں دو مساجد پر دو مختلف حملوں میں کم از کم 60 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔

دارالحکومت کابل کے مغربی حصے میں واقع امامِ زمانہ مسجد پر ہونے والے خود کش حملے میں کم از کم 39 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ اس کے علاوہ افعانستان کے مرکزی صوبے غور میں ایک اور مسجد پر ہونے والے حملے میں 20 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔