انڈیا کے خلاف آسٹریلیا کی جیت کے بعد ٹیم کی بس پر اینٹ ماری گئی

،تصویر کا ذریعہAARON FINCH
انڈیا کے شہر گواہاٹی میں آسٹریلیا کے ہاتھوں انڈین کرکٹ ٹیم کی شکست کے بعد مہمان ٹیم کی بس پر اینٹ سے حملہ کیا گیا جس کے باعث بس کا شیشہ ٹوٹ گیا۔
بس کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب آسٹریلوی کھلاڑی میچ کھیلنے کے بعد ہوٹل واپس جا رہے تھے۔
آسٹریلوی کرکٹ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں اگرچہ کوئی زخمی نہیں ہوا تاہم اس سے کھلاڑیوں کو ذہنی صدمہ پہنچا ہے۔
حملے کے بارے میں آسٹریلوی کھلاڑی ایرن فینچ نے سماجی رابطوں کی سائٹ پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ٹیم بس پر اینٹ پھینکنے کا واقعہ کافی خوفناک ہے۔
خیال رہے کہ اس میچ میں آسٹریلیا نے انڈیا کو 118 پر آؤٹ کر دیا تھا اور دو وکٹوں کے نقصان پر ہدف با آسانی حاصل کر لیا تھا۔
انڈیا اور آسٹریلیا کے مابین سیریز اس وقت ایک ایک سے برابر ہے اور جمعے کو فیصلہ کن میچ ہوگا۔



