سعودی عرب: مکان میں آگ لگنے سے دس انڈین شہریوں سمیت 11 افراد ہلاک

سعودی عملہ امدادی کارروائیاں انجام دیتا ہوا

،تصویر کا ذریعہSAUDI CIVIL DEFENCE

،تصویر کا کیپشنسعودی عملہ امدادی کارروائیاں انجام دیتا ہوا

سعودی عرب میں حکام کا کہنا ہے کہ جنوبی شہر نجران کے ایک مکان میں آگ لگنے کی وجہ سے دس انڈین شہریوں سمیت 11 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

حکام کے مطابق آگ لگنے سے چھ دیگر افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن کو ہسپتال میں داخل کیا گيا ہے۔

سعودی حکام کے مطابق جس مکان میں یہ محنت کش لوگ رہتے تھے اس میں ایک بھی کھڑکی نہیں تھی اور اگ لگنے کی وجہ سے پورا مکان دھویں سے بھر گيا۔ ان کا کہنا ہے کہ سبھی مزدوروں کی موت دم گھٹنے سے ہوئی ہے۔

سعودی عرب کے ایک خبر رساں ادارے کے مطابق نجران کے گورنر نے اس واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے اور محنت کشوں کے ایسی جگہ پر رہنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

سعودی عرب میں تقریباً 90 لاکھ غیر ملکی کام کرنے والے لوگ رہتے ہیں جن میں سے بیشتر کا تعلق جنوبی ایشیائی ممالک سے ہے۔

ٹویٹ

،تصویر کا ذریعہTwitter

بدھ کے روز ہونے والے اس واقعے سے متعلق انڈیا کی وزیر خارجہ سشما سوراج نے اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ جدہ میں واقع انڈین قونصل خانے کے افسران حالات کا جائزہ لینے کے لیے نجران کے لیے روانہ ہورہے ہیں۔

سشما سوراج نے ٹویٹ کیا: 'مجھے نجران میں آگ لگنے کے واقعے کا پتہ چلا ہے جس ہمارے دس انڈین شہریوں کی جانیں ضائع ہو گئی ہیں اور چھ دیگر زخمی ہسپتال میں داخل ہیں۔'

بھارتی وزیر خارجہ نے اپنے ٹوئٹر کے صفحے پر اس طرح کا تبصرہ اس وقت کیا جب ودیا ایس نامی ایک خاتون نے اسی واقعے میں ہلاک ہونے والے ایک شخص کی لاش کو وطن واپس لانے میں وزیر محترمہ سے مدد کی اپیل کی تھی۔

سشما سوارج نے کہا: 'میں نے جدہ کے انڈین سفارت کار سے بات کی ہے۔ نجران جدہ سے 900 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ ہمارے افسران پہلی دستیاب پرواز سے وہاں پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔'

انھوں نے کہا کہ جدہ میں انڈین قونصل خانے کے سربراہ نجران کے گورنر سے رابطے میں ہیں اور باقاعدگی سے انھیں تازہ صورت حال سے پر آگاہ کیا جا رہا ہے۔