نریندر مودی نے کشمیر میں سب سے لمبی سرنگ کا افتتاح کر دیا

انڈیا

،تصویر کا ذریعہPIB

،تصویر کا کیپشنانڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی سرنگ کے افتتاح کے موقعے پر

انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں نو کلومیٹر سے زیادہ لمبی سرنگ کا افتتاح کیا ہے۔

چنانی- ناشری نامی یہ سرنگ 9.2 کلو میٹر لمبی ہے۔

انڈیا کی وزارت برائے روڈ ٹرانسپورٹ کے مطابق یہ سرنگ 286 کلو میٹر لمبی جموں سرینگر ہائی وے کا حصہ ہے۔

اس سرنگ کی تعمیر سے جموں اور سرینگر کے درمیان نیشنل ہائی وے 44 پر سفر میں دو گھنٹے کی کمی ہوگی۔

اس سرنگ سے کئی علاقے بائی پاس ہوں گے جس سے جموں اور سرینگر میں فاصلہ 30 کلومیٹر کم ہو جائے گا۔

اس سرنگ کی وجہ سے برف باری اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات سے بھی بچا جا سکتا ہے۔

سرنگ تعمیر کرنے والوں کا کہنا ہے کہ چنانی - ناشری سرنگ دنیا کی ایسی چھٹی سرنگ ہے جس میں ہر آٹھ میٹر کے فاصلے پر ایسے راستے بنائے گئے ہیں جس سے ہوا کا سرنگ کے اندر گزر ہو سکتا ہے۔

’ٹرانسورس وینٹی لیشن‘ نامی اس سسٹم کی مدد سے سرنگ کے اندر سانس لینے میں دشورای نہیں ہوتی اور نہ ہی گاڑی چلانے والوں کو سڑک دیکھنے میں مشکل ہوتی ہے۔

انڈیا

،تصویر کا ذریعہPIB

،تصویر کا کیپشنانڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی سرنگ کا دورہ کرتے ہوئے

پانچ سال کے عرصے میں تعمیر ہونے والی یہ سرنگ سطح سمندر سے 4000 فٹ کی اونچائی پر بنائی گئی ہے اور ملک کی تمام بڑی موبائل کمپنیوں کے سگنل سرنگ کے اندر میسر ہوں گے۔

سرنگ کی تعمیر میں حفاظتی اقدامات کا خاص خیال رھا گیا ہے اور ہر 150 میٹر کے فاصلے پر مسافروں کے لیے ابتدائی طبی امداد کا سامان رکھا گیا ہے اور سرنگ میں 124 کیمرے بھی لگائے گئے ہیں۔