انڈیا: یوگی آدتیہ ناتھ کے خلاف ٹویٹ پر فلمساز کے خلاف مقدمہ

،تصویر کا ذریعہSHIRISH KUNDAR FACEBOOK
انڈیا کی ریاست اترپردیش میں وزیراعلی یوگي آدتیہ ناتھ پر مبینہ طور پر نا مناسب تبصرہ کرنے کے الزام میں بالی وڈ کے فلمساز شريش كندر کے خلاف لکھنؤ کے حضرت گنج تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
شریش کندر نے 'جوکر' اور 'تیس مار خان' جیسی فلموں سے شہرت حاصل کی تھی، وہ کوریگرافر اور فلم ہدایت کار فرح خان کے شوہر ہیں۔
حضرت گنج علاقے کے پولیس سربراہ اونیش کمار مشرا نے بی بی سی کو بتایا کہ ٹویٹر پر نامناسب تبصرہ کرنے کے تعلق سے امت کمار تیواری نامی ایک شخص نے شکایت درج کروائی تھی۔ اسی کے پیش نظر شریش کندر کے خلاف آئی ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
شریش کندر نے اپنی ایک ٹویٹ میں بی جے پی کے ریاست اتر پردیش میں وزیر اعلی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور ان کے ماضی کے حوالے سے بھی بات کی تھی۔

،تصویر کا ذریعہYOGI ADITYANATH
ایک دوسری ٹویٹ میں انھوں نے کہا تھا: 'اگر انھیں چیف منسٹر بنایا جا سکتا ہے تو داؤد ابراہیم کو سی بی آئی (مرکزی تفتیشی بیورو) کا ڈائریکٹر اور وجے مالیہ کو آر بی آئی کا گورنر بنایا جا سکتا ہے۔'
شريش كندر کے ان تبصروں کے حوالے سے سوشل میڈیا میں تلخ بحث ہوئی اور ان پر کئی حلقوں کی جانب سے سخت تنقید بھی ہوئی۔
جب معاملہ زیاد طول پکڑنے لگا تو کندر نے یہ کہتے ہوئے معذرت کی کہ وہ اپنی ٹویٹ سے کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچانا نہیں چاہتے تھے۔
گذشتہ ایک ہفتے کے دوران یوگي پر تبصرہ کرنے کے جرم میں مختلف تھانوں میں اب تک تین مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے سخت گیر ہندو نظریات کے حامل رہنما یوگی آدتیہ ناتھ کو گذشتہ ہفتے ہی ریاست اترپردیش کا وزیر اعلی مقرر کیا تھا۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
یوگی گورکھ پور کے معروف مندر گورکھ ناتھ مٹھ کے مہنتھ یعنی سربراہ ہیں۔ سیاست میں یوگی آدتیہ ناتھ کی شناخت ایک ’فائر برانڈ‘ ہندو رہنما کی رہی ہے۔ وہ مسلمانوں کے خلاف اپنے متنازع بیانات کے لیے بدنام ہیں۔ اور ایسے بیانات کی ایک طویل فہرست ہے۔ وہ سخت گیر ہندو نظریاتی تنظیم آر ایس ایس کے نظریات سے کافی قریب تصور کیے جاتے ہیں۔
انڈیا کے حکومت نے یوگي آدتیہ ناتھ پر امریکی اخبار 'نیو یارک ٹائمز' کے ادارے کا عنوان 'مودی کا سخت گیر ہندو کے ساتھ خطرناک معانقہ' تھا۔
اپنے اداریے میں نیو یارک ٹائمز نے یوگي ادتیہ ناتھ کو یو پی کا وزیر اعلی بنانے پر وزیر اعظم نریندر مودی پر کئی طرح کے سوالات اٹھائے ہیں اور کہا کہ ایسے فائربرانڈ یوگي کو وزیر اعلی مقرر کرکے 'مذہبی اقلیتوں کو حیران کن جھٹکا دیا ہے۔'
انڈین وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس طرح کی نکتہ چینی کو مسترد کر دیا۔







