انڈیا کا دفاعی بجٹ مسلسل بڑھتا کیوں جارہا ہے؟

،تصویر کا ذریعہReuters
- مصنف, شکیل اختر
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، نئی دہلی
انڈيا کی حکومت نے اس برس کے اپنے سالانہ بجٹ میں ملک کے دفاعی اخراجات میں 10 فیصد سے زیادہ کا اضافہ کیا ہے۔ یہ حکومت کے مجموعی اخراجات کا تقریباً 13 فیصد ہے۔
بیرونی ممالک سے جنگی ساز و سامان خریدنے میں عالمی سطح پر انڈیا اس وقت اول نمبر پر ہے اور دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ مستقبل میں اسے کے دفاعی اخراجات میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
پیر کی صبح وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے پارلیمان میں بجٹ پیش کرتے ہوئے اعلان کیا کہ 'اس برس حکومت نے دفاعی اخراجات کے لیے دو لاکھ 74 ہزار کروڑ روپے مختص کیے ہیں۔ اس میں سے 68400 کروڑ روپے ساز و سامان خریدنے کے لیے ہیں۔'
دفاعی امور کے ماہر اور تجزيہ کار کموڈور اودے بھاسکر کا کہنا ہے چونکہ انڈيا مقامی سطح پر ہتھیار بنانے میں خود کفیل نہیں ہے اس لیے بیرونی ممالک سے ہتھیار خریدنا اس کی ایک مجبوری ہے۔

،تصویر کا ذریعہReuters
ان کے مطابق جدید ہتھیاروں اور دفاعی سازو سامان کی تیزی سے خریداری انڈیا کی مجبوری ہے اسے لیے بڑے دفاعی بجٹ کی ضرورت ہے۔
بی بی سی اردو سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا: 'امریکہ کا سالانہ دفاعی بجٹ تقریباً 600 ارب ڈالر ہے۔ چین کا تقریباً 100 ارب ڈالر ہے جبکہ انڈیا کا تقریباً 45 ارب ڈالر ہے تو سٹریٹیجک نکتہ نظر سے یہ کوئی بہت زیادہ بجٹ نہیں ہے۔'
ان کہنا تھا کہ انڈیا مسلسل تقریباً 10 فیصد سے اپنے سالانہ بجٹ میں اضافہ کرتا رہا ہے۔ لیکن اس کا ایک بڑا حصہ افراط زر کی بڑھتی ہوئی شرح کی نظر ہو جاتا ہے۔ دوسری جانب بحریہ، فضائیہ اور بری فوج کے لیے جدید ترین ہتھیار اور ساز و سامان کی خریداری اس کی مجبوری بھی ہے۔
کموڈور ادے بھاسکر نے بتایا: 'انڈیا کی سٹریٹیجک صورت حال یہ ہے کہ ایک طرف تو چین ہے، جس سے سنہ 62 میں جنگ ہوئی، اس کے ساتھ سرحدی اختلافات ہیں اور اس کی ایک اپنی تاریخ ہے۔ دوسری جانب پاکستان ہے جس کے ساتھ چار جنگیں ہو چکی ہیں۔ تو اس پس منظر میں اسے کئی طرح کے چیلینجز اور مسائل کا سامنا ہے۔ مستقبل میں انڈیا کے دفاعی اخراجات میں اور اضافے کا امکان ہے اور جلد ہی یہ 50 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گا۔'
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ادے بھاسکر کے مطابق ان تمام کوششوں کے باوجود بھی کئی محکموں میں بنیادی سہولیات کی کمی ہے جسے پورا کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر اصلاحات کی ضرورت ہے۔
بھارت کا شمار دنیا میں سب سے زیادہ جنگی ہتھیار خریدنے والے ملکوں میں ہوتا ہے اور آئندہ برسوں میں فوج کی جدیدکاری کے لیے بڑے پیمانے پر ہتھیار اور ساز و سامان خریدنے کا منصوبہ ہے۔








