مغل اعظم، تاج واپس چاہیے

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, سہیل حلیم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، نئی دہلی
اتر پردیش کی سیاست اور زیادہ فلمی ہوتی جارہی ہے اور اب سابق وزیر اعلیٰ ملائم سنگھ یادو نے اعلان کیا ہے کہ اقتدار کی جنگ میں وہ خود اپنے بیٹے اور موجودہ وزیر اعلیٰ اکھیلیش یادو کے خلاف الیکشن لڑیں گے۔
ریاست میں سماجوادی پارٹی کی حکومت ہے اور فروری مارچ کے الیکشن میں اسے سخت چیلنج کاسامنا ہے۔
پارٹی ملائم سنگھ یادو نے بنائی تھی لیکن پانچ سال پہلے جب غیرمتوقع طور پر اسے ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں واضح اکثریت حاصل ہوگئی تو انھوں نے اپنے نوجوان بیٹے اکھیلیش کی تاجپوشی کردی۔
اب انھیں یہ تاج واپس چاہیے کیونکہ اکھیلیش اب اپنے منتخب کردہ راستے پر چلنا چاہتے ہیں جو ملائم سنگھ اور ان کے بھائی شوپال یادو کو منظور نہیں ہے۔
لیکن گذشتہ پانچ برسوں میں حالات بدل چکے ہیں۔ ملائم سنگھ یادو اور بوڑھے ہو گئے ہیں اور پانچ سال وزیراعلیٰ رہنے کے بعد اکھیلیش یادو نے بھی اپنی جڑیں مضبوط کر لی ہیں۔
ملائم سنگھ کی سیاست مسلمانوں کے دم پر چلتی ہے۔ اتر پردیش میں رام مندر کی تحریک کے دوران انھیں مولانا ملائم سنگھ کا لقب دیا گیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہAFP
اس دور میں انھوں نے بابری مسجد کی حفاظت کا وعدہ کیا تھا اور آخرکار جب بابری مسجد مسمار ہوئی تو ریاست میں بی جے پی کی حکومت تھی۔ مذہبی منافرت کے اس ماحول میں ملسمانوں نے کانگریس کا ساتھ چھوڑ کر ملائم سنگھ کا ہاتھ پکڑ لیا تھا۔
اب ملائم سنگھ کا کہنا ہے کہ اکھیلیش اقلیتوں کو ناراض کر رہے ہیں اور یہ کہ وہ فرقہ وارانہ طاقتوں کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔ دونوں کے اختلافات اب کچھ اس نہج پر پہنچ گئے ہیں کہ صلح کا امکان کم ہی نظر آرہا ہے۔
ملائم سنگھ یادو نے آج کہا کہ انھوں نے کئی مرتبہ اکھیلیش کو بلایا، وہ آئے تو لیکن ان کی بات سنے بغیر ہی لوٹ گئے۔
باپ بیٹےکی یہ جنگ بی جے پی اور سابق وزیر اعلیٰ مایاوتی کی بہجن سماج پارٹی کے لیے اچھی خبر ہے کیونکہ مسلمان ووٹ اگر تقسیم ہوں گے تو دونوں کو فائدہ ہوگا اوراگر مسلمانوں کو یہ لگتا ہے کہ سماجوادی پارٹی بکھر رہی ہے یا موجودہ حالات میں بی جے پی کو روکنے کی پوزیشن میں نہیں ہے تو وہ بہوجن سماج پارٹی کا رخ کر سکتے ہیں۔
فی الحال، اکھیلیش یادو کا پلڑا بھاری ہے، پارٹی کے اراکین اسمبلی کی بڑی تعداد ان کے ساتھ ہے اور بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ یہ وقت اکھیلیش کو ’آشیرواد‘ دینے کا ہے، اس سے تاج چھیننے کا نہیں۔
لیکن یہ سیاست ہے اور سیاستدان کبھی ریٹائر نہیں ہوتے۔








