انڈین ریاست بہار میں کشتی ڈوبنے سے 26 افراد ہلاک

،تصویر کا ذریعہPTI
انڈیا کی شمال مشرقی ریاست بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں گنگا دریا میں کشتی ڈوبنے سے کم از کم 26 افراد کی ہلاکت ہوگئی ہے۔
پٹنہ کے سٹی ایس پی چندن کشواہا نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اس حادثے کی تصدیق کی ہے۔
ایس پی کشواہا کے مطابق سبل پور ديارا سے پٹنہ گھاٹ کی جانب واپس آنے والی اس کشتی پر حد سے زیادہ افراد سوار تھے۔
اس حادثے سے دس افراد کو بچا لیا گیا ہے اور انھیں پٹنہ کے پی ایم سی ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق اس چھوٹی سی کشتی پر 40 سے زیادہ افراد سوار تھے اور یہ حادثہ سنیچر کی شام کو اس وقت پیش آيا جب یہ لوگ فصل کی کٹائی کا جشن منانے کے لیے کشتی سے پتنگ بازی دیکھنے گئے تھے۔

،تصویر کا ذریعہPTI
حادثے پر بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ٹویٹ کے ذریعے اپنے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
نتیش کمار نے لکھا: 'دریائے گنگا میں ديارا کے پاس کشتی ڈوبنے کا واقعہ افسوسناک ہے۔ امدادی کام میں تیزی لانے کی ہدایت دی ہے۔'
وزیر اعلی نے ضلع انتظامیہ کو تمام مرنے والوں کے لواحقین کو فوری طور پر مالی مدد فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے بھی افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا: 'گنگا میں کشتی ڈوبنے کے واقعے سے غمزدہ ہوں۔ حکومت کی جانب سے متعلقہ محکموں کو امدادی کے کاموں میں تیزی لانے کی ہدایات دے دی گئی ہیں۔'







