سری لنکا میں چینی تعمیراتی منصوبے کے خلاف پرتشدد مظاہرہ

،تصویر کا ذریعہAP
سری لنکا میں چین کو بندرگاہ اور صنعتی مرکز تعمیر کرنے کی اجازت دینے کے خلاف ہونے والے مظاہرے میں کئی افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
دارالحکومت کولمبو سے 240 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع ساحلی شہر ہمبنٹوٹا میں اس منصوبے کے تحت دیہی علاقوں کے ہزاروں کی تعداد میں مکینوں کو بے دخل کیا جائے گا۔
پولیس نے مظاہروں پر آنسو گیس کا استعمال کیا اور اس حوالے سے منعقد تقریب بھی تاخیر کا شکار ہوئی جس میں وزیراعظم رنیل وکرماسنگھے نے شرکت کرنا تھی۔
اس منصوبے کے مخالفین کا کہنا ہے اس سے علاقہ ایک چینی کالونی بن کر رہ جائے گا۔
سری لنکا کی حکومت بندرگاہ کے علاقے کو ایک ایسی کمپنی کو 99 سالہ لیز پر دینے کی منصوبہ طے کر رہی ہے جس کے 80 فیصد حصص کی ملکیت چین کے پاس ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
قریبی علاقے کو ایک صنعتی زون کے طور پر استعمال کیا جائے جہاں چینی کمپینیوں کو فیکٹریاں تعمیر کرنے کی دعوت دی جائے گی۔
حکومت کا کہنا ہے کہ مقامی افراد کو نئی جگہ مہیا کی جائے گی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خیال رہے کہ اس بندرگاہ کی تعمیر چین کی جانب سے سری لنکا میں تعمیراتی منصوبوں کے سلسلے کی کڑی ہے۔
چین سری لنکا میں سنہ 2009 میں 26 سالہ خانہ جنگی کے اختتام کے بعد تعمیراتی منصوبوں میں کروڑوں ڈالر خرچ کرچکا ہے۔
ماہرین کے مطابق چین کی یہ سرمایہ کاری تیل کی دولت سے مالا مال مشرق وسطیٰ اور یورپی ممالک کی جانب 'میری ٹائم سلک روٹ' کا حصہ ہے۔








