انوشکا کے ساتھ منگنی نہیں کر رہا: وراٹ کوہلی

انوشکا شرما، کوہلی

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنگذشتہ چند روز سے انڈین ذرائع ابلاغ میں کوہلی اور انوشکا کی منگنی سے متعلق خبریں زرو شور سے نشر کی جا رہی تھیں اور بالآخر خود وراٹ کوہلی نے خاموشی توڑتے اسے بے بنیاد بتایا

انڈیا کےمعروف کرکٹ کھلاڑی وراٹ کوہلی نے میڈیا کی ان خبروں کو گمراہ کن قرار دیا ہے کہ وہ نئے سال کے موقع پر اداکارہ انوشکا شرما سے منگنی کرنے والے ہیں۔

گذشتہ چند روز سے انڈین ذرائع ابلاغ میں کوہلی اور انوشکا کی منگنی سے متعلق خبریں نشر کی جا رہی تھیں اور بالآخر خود وراٹ کوہلی نے خاموشی توڑتے ہوئے ان تمام افواہوں کو بے بنیاد قرار دیا۔

وراٹ کوہلی نے جمعہ کی صبح ایک ٹوئٹ میں کہا کہ 'ہم منگنی نہیں کر رہے ہیں اور اگر کرتے تو یہ بات چھپاتے نہیں۔ سمپل۔'

کوہلی نے مزید لکھا: 'چونکہ نیوز چینلز غلط افواہیں پھیلانے سے باز نہیں آ رہے اور آپ سب کو كنفيوژ کر رہے ہیں اس لیے ہم اس كنفيوژن کو ختم کر رہے ہیں۔'

ٹویٹ

،تصویر کا ذریعہTwitter

،تصویر کا کیپشنکوہلی نے اپنی ٹویٹ کے ذریعے میڈیا کی خبروں کو غلط بتایا ہے

انڈین میڈیا میں کچھ دنوں سے یہ قیاس آرایاں ہو رہی تھیں کہ فی الحال ریاست اتراکھنڈ کے نریندرنگر میں چھٹیاں منانے والے وراٹ کوہلی اور انوشکا شرما نئے سال کے پہلے روز منگنی کر سکتے ہیں۔

لیکن کوہلی کی اس ٹويٹ کے بعد میڈیا کی یہ قیاس آرائیوں بند ہو جانی چاہیں۔

کوہلی کے ان دونوں ٹویٹس کو اداکارہ انوشکا شرما نے دوبارہ ٹویٹ کرکے اس موقف کی تصدیق بھی کردی ہے۔

اس سے پہلے بھی کوہلی اور انوشکا کے تعلقات کے حوالے سے کئی بار سوشل میڈیا پر بحث ہوتی رہی ہے۔

اسی برس مارچ میں ٹی 20 ورلڈ کپ میں موہالی میں آسٹریلیا کے خلاف انڈیا کی جیت کے بعد سوشل میڈیا پر اداکارہ انوشکا شرما کا مذاق اڑانے والوں پر وراٹ کوہلی نے سخت نکتہ چینی کی تھی۔

انوشکا شرما

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنکوہلی کے ان دونوں ٹویٹز کو اداکارہ انوشکا شرما نے دوبارہ ٹویٹ کرکے اس موقف کی تصدیق کردی ہے

کوہلی نے اپنے انسٹاگرام اور ٹویٹر صفحے پر ایک تصویر شیئر کی تھی جس پر انگریزی زبان کا لفظ ’شیم‘ لکھا تھا۔ کوہلی نے یہ پیغام ان لوگوں کو دیا تھا جو سوشل میڈیا پر ان کی دوست انوشکا کے حوالے سے طرح طرح کی باتیں شیئر کر رہے تھے۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے اس بلے باز نے انسٹاگرام پر لکھا تھا: 'ایسے لوگوں پر شرم آتی ہے جو طویل وقت سے انوشکا کے پیچھے پڑے ہیں اور ہر خراب بات کو انوشکا سے جوڑ دیتے ہیں۔ ایسے لوگوں پر شرم آتی ہے جو خود کو پڑھا لکھا کہتے ہیں۔ ان کو نشانہ بنانے اور ان کا مذاق اڑانے والوں پر شرم آتی ہے کیونکہ میں اس کھیل میں جیسی بھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتا ہوں، اس کا انوشکا سے کچھ بھی لینا دینا نہیں ہے۔'