دوپولیس اہلکار پولیس ریمانڈ میں | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کراچی کی ایک عدالت نے بلوچستان کے چار تاجروں کو مبینہ طور پر جعلی پولیس مقابلے میں ہلاک کرنے کے الزام میں گرفتار دو پولیس اہلکاروں کو پولیس ریمانڈ میں دیدیا ہے۔ پولیس نے اینٹی کار لفٹنگ سیل تھانے کے ایس ایچ او انسپکٹر ملک ارشاد اور ان کے ماتحت پولیس کانسٹیبل ظفر کو پیر کو مقامی عدالت کے سامنے پیش کیا جس کے بعد عدالت نے ملزمان کو انیس جنوری تک ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دیدیا۔ مقدمے کے تین ملزمان اب بھی مفرور ہیں۔ یہ واقعہ تیس دسمبر کی رات کراچی کے خالد بن ولید روڈ پر پیش آیا تھا جس میں اینٹی کار لفٹنگ سیل کے عملے کی فائرنگ سے چار تاجر حاجی محمد طاہر اچکزئی، عبیداللہ خان ترین، محمد ابراہیم اچکزئی اور زین الدین خان اچکزئی ہلاک ہوگئے تھے۔ان چاروں کا تعلق بلوچستان کے علاقے چمن سے تھا۔ پولیس نے پہلے دعوی کیا تھا کہ ہلاک ہونے والے چاروں افراد ڈاکو ہیں تاہم بعد میں ہونے والی محکماتی تحقیقات میں یہ ثابت ہوا کہ واقعہ مجرمانہ غفلت کا نتیجہ ہے۔ پولیس نے تحقیقات کی روشنی میں مبینہ طور پر ملوث اہلکاروں کے خلاف قتل خطا کا مقدمہ درج کیا تھا جس میں جرم ثابت ہونے پر دیت کی ادائیگی سمیت زیادہ سے زیادہ پانچ سال قید کی سزا دی جاسکتی ہے۔ تاہم سپریم کورٹ کے چیف جسٹس عبدالحمید ڈوگر اور جسٹس اعجاز الحسن پر مشتمل دو رکنی بینچ نے واقعہ کا ازخود نوٹس لیا اور ملوث اہلکاروں کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 302 کے تحت قتل عمد کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تھا۔ جس کی تعمیل کرتے ہوئے پولیس نے ایک مقتول زین الدین کے والد حاجی لالا خان کی مدعیت میں انسپکٹر ملک ارشاد اور ان کے چار ماتحتوں کے خلاف قتِل عمد کا مقدمہ داخل کیا تھا۔ بی بی سی سے بات کرتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات کرنے والے ایس پی انویسٹیگیشن ساؤتھ نیاز احمد کھوسو نے بتایا کہ انسپکٹر ملک ارشاد نے رضاکارانہ طور پر اپنی گرفتاری پیش کی تھی جبکہ مقدمہ میں نامزد دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاریوں کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں۔ سپریم کورٹ میں اس معاملے کے از خود نوٹس کی سماعت سولہ جنوری کو ہوگی۔ | اسی بارے میں خیرپور:جعلی پولیس مقابلہ، 3 ہلاک17 November, 2008 | پاکستان نوجوان ہلاک پولیس افسرگرفتار13 March, 2008 | پاکستان سندھ پولیس و رینجرزکی اصلاحات23 May, 2008 | پاکستان پولیس ریکارڈ تک عام شہریوں کی رسائی31 August, 2008 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||