حافظ سعید نظر بند، مظفر آباد میں بھی کارروائی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پولیس نے کراچی اور لاہور سمیت دوسرے شہروں اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں جماعۃ الدعوۃ کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے۔ اس تنظیم کے دفاتر اور دیگر ادارے سربہمر کئے جارہے ہیں اور گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں۔ سندھ کے صوبائی سیکریٹری داخلہ عارف احمد خان نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اب تک کی کارروائی کی تفصیل بتانے سےگریز کیا تاہم اس بات کی تصدیق کی کہ جماعۃ الدعوۃ کے دفاتر سربمہر کئے جا رہے ہیں۔ ’میں اس کارروائی سے انکار نہیں کر رہا، بلاشبہ یہ کارروائی جاری ہے اور جلد ہی مکمل کرلی جائے گی۔‘ لاہور سے نامہ نگار عباد الحق نے بتایا ہے کہ جماعۃ الدعوۃ کے امیر حافظ محمد سعید کو لاہور میں ان کی رہائش گاہ پر نظر بندی کرنے کا احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔ حافظ سعید کے داماد حافظ خالد نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اس بات تصدیق کی ہے اور ان کے بقول پولیس نے نظربندی کے احکامات کے بارے میں زبانی طور پر ان کو آگاہ کردیا ۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس کے مطابق حافظ سعید کو تین ماہ کے لیے ان کی رہائش گاہ پر بند کرنے کے احکامات جاری ہوئے ہیں۔ جماعۃ الدعوۃ کے ترجمان عبداللہ منتظر نے ٹیلی فون پر بی بی سی کرتے ہوئے بتایا کہ جماعۃ الدعوۃ کے امیر سمیت دیگر رہنماؤں کی نظربندی اور تنظیم کے دفاتر کو سربمہر کرنے کے اقدام کے خلاف عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔
ان کے بقول اس ضمن میں باضابطہ درخواست جلد ہی عدالت میں دائر کردی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت نے تنظیم کے خلاف کرنے میں غیرمعمولی جلد بازی کا مظاہرہ کیا۔ کشمیر پولیس کا کہنا ہے کہ دفتر اور اسکول میں کوئی رکن موجود نہیں تھا البتہ عینی شاہدین کے مطابق ورکشاپ سے جماعۃ الدعوۃ کے چار کارکنوں کو حراست میں لیا گیا۔ پولیس نے اس کی تصدیق کی لیکن تعداد بتانے سے گریز کیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ جنوبی ضلع میرپور میں بھی تنظیم کا دفتر اور اس تنظیم کے زیر انتظام چلنے والی ڈسپنسری اور سکول پر بھی تالے ڈال دیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا کہ کشمیر کے اس علاقے کے دیگر اضلاع میں بھی جماعۃ الدعوۃ کے دفاتر اور دیگر ادارے سیل کئے جارہے ہیں۔
دریں اثنا سٹیٹ بینک نے تمام کمرشل بینکوں کو جماعۃ الدعوۃ کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے ہدایات جاری کردی ہیں۔ بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اسٹیٹ بینک کے ترجمان سید وسیم الدین نے تصدیق نے بتایا کہ یہ ہدایات جمعرات کی شب وفاقی حکومت کے حکم پر جاری کی گئی ہیں۔ ’اقوام متحدہ نے آج جو قرارداد منظور کی تھی اس کی روشنی میں وفاقی حکومت نے ہمیں جماعۃ الدعوۃ کے علاوہ الرشید ٹرسٹ اور الاختر ٹرسٹ کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کا حکم دیا تھا جس کے تحت اسٹیٹ بینک نے تمام کمرشل بینکوں کو یہ ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ ان تنظیموں کے بینک اکاؤنٹس منجمد کردیں۔‘ اس سے قبل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ایک کمیٹی نے پاکستان میں کالعدم تنظیم لشکر طیبہ کے ’رہنما‘ حافظ سعید سمیت چار افراد کے نام دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کر دیئے ہیں۔کمیٹی نے کہا ہے کہ پاکستان کی فلاحی تنظیم جماعۃ الدعوۃ دراصل لشکر طیبہ کا دوسرا نام ہے لہذا ان پابندیوں کا اطلاق اس پر بھی ہو گا۔ القاعدہ اور طالبان پر پابندیاں عائد کرنے والی سلامتی کونسل کی اس کمیٹی کے فیصلے کے تحت ان چار افراد کے دنیا بھر میں سفر پر پابندی لگا دی گئی ہے اور ان کے بینک اکاونٹ منجمد کر دیئے گئے ہیں۔ یہ افراد اسلحے کی خریداری بھی نہیں کر سکتے۔ جماعۃ الدعوۃ کے ترجمان عبد اللہ منتظر نے خبر رساں ادارے اے پی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ سلامتی کونسل کا غیر منصفانہ ہے اور ان کی تنظیم کا القاعدہ یا طالبان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ جماعۃ الدعوۃ کے ترجمان نے پاکستان حکومت سے کہا ہے کہ ان کی تنظیم کے خلاف کوئی کارروائی نہ کی جائے کیونکہ اس سے پاکستان کے لوگوں کو نقصان ہوگا۔ |
اسی بارے میں ’ابھی کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا گیا‘ 09 December, 2008 | پاکستان ’کارروائی، تفتیش ہو رہی ہے‘10 December, 2008 | انڈیا ’زکی لکھوی اور مسعود اظہرگرفتار‘09 December, 2008 | پاکستان ممبئی حملوں کے حملہ آور اجمل کا ’اقبالی بیان‘10 December, 2008 | انڈیا ’جماعتہ الدعوۃ پر پابندی لگائی جائے‘10 December, 2008 | پاکستان | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||