مغوی چینی انجینئرز کی ویڈیو جاری | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
صوبہ سرحد کے ضلع دیر سے گزشتہ ماہ کے اواخر میں اغواء ہونے والے دو چینی انجینئروں کی ایک ویڈیو ایک غیرملکی ویب سائٹ اے ایف پیکس نے جاری کی ہے۔ اے ایف پیکس ابھی ایک زیر تعمیر ویب سائٹ ہے جو پاکستان اور افغانستان میں حالات اور واقعات سے متعلق ہوگی۔ ویڈیو میں دونوں چینی انجینئر کرسیوں پر بیٹھے ہیں اور چینی زبان میں پیغام دے رہے ہیں۔ دو منٹ کی اس ویڈیو کے پس منظر میں بچوں کی آوازیں بھی سنی جا سکتی ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہیں کسی گھر میں رکھا گیا ہے۔ شلوار قمیض میں ملبوث دونوں چینی پیغام کے اختتام پر کافی پریشان دکھائی دیتے ہیں۔ اے ایف پیکس کے مطابق یہ ویڈیو بارہ ستمبر کو بنائی گئی ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ انجینئرز ابھی تک زندہ ہیں۔ چینی انجینئرز کو انتیس اگست کو دیر سے ان کے ڈرائیور اور محافظ کے ہمراہ مقامی طالبان نے اغواء کیا تھا اور سوات میں سرگرم تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان مسلم خان نے ان کے اغواء کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ انجینئروں کے ڈرائیور اور محافظ کو بعد میں رہا کر دیا گیا تھا۔ چینی کمپنی زیڈ ٹی ای سے تعلق رکھنے والے یہ انجینئر لوئر دیر کے علاقہ خال میں ایک موبائل فون ٹاور کا جائزہ لینے گئے تھے کہ اغوا کر لیئے گئے۔ انجینئروں کے اغواء کے بعد سوات کے مقامی طالبان کے ترجمان مسلم خان کا کہنا تھا کہ وہ ہر اس شخص کو اغوا کرسکتے ہیں جن سے ان کے اہداف کو حاصل کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ یہ سلسلہ اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک حکومت ان کے ساتھیوں کو ہلاک کرنا بند نہ کر دے۔ چینی حکومت ان انجینئروں کی باحفاظت رہائی کا مطالبہ کر رہی ہے اور ایسی اطلاعات بھی تھیں کہ وہ اغوا کاروں سے رابطے میں ہے۔ یہ پاکستان میں چینی انجینئرز کے اغواء کا پہلا واقعہ نہیں۔اس سے قبل سنہ دو ہزار چار میں جنوبی وزیرستان میں ایک ڈیم منصوبے پر کام کرنے والے چینی انجینرز کو بھی قبائلی جنگجو عبداللہ محسود نے اغوا کیا تھا اور ان کی رہائی کے لیے کی جانے والی کارروائی کے دوران ایک چینی گولی لگنے سے ہلاک بھی ہوگیا تھا۔ | اسی بارے میں چینی انجینئر طالبان کے قبضے میں02 September, 2008 | پاکستان لاپتہ چینی انجینئرز کی تلاش جاری31 August, 2008 | پاکستان سوات مزید آٹھ پولیس اہلکار رہا18 September, 2008 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||