دلاور خان وزیر بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ڈیرہ اسماعیل خان |  |
 | | | حال میں قبائلی علاقوں میں کئی میزائل حملے ہوئے ہیں |
پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں افغان سرحد کے قریب مبینہ طور پر افغانستان کے حدود سے داغے گئے ایک میزائل حملے میں چار افراد ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے ہیں۔ مقامی لوگوں کے مطابق حملے کا نشانہ بننے والے مکان میں غیر ملکیوں کا آنا جانا تھا۔ مقامی انتظامیہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اتور کو شام تین بجے کے قریب شمالی وزیرستان کے صدر مقام میرانشاہ سے قریباً پندرہ کلومیٹر مشرق کی جانب علاقہ تپئ میں داوڑ قبیلے کے ایک رکن سوار خان داوڑ کے مکان پر ایک میزائل گرا جس کے نتیجہ میں چار افراد ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے۔ میزائل گرنے سے علاقے میں زبردست خوف و ہراس پھیل گیا۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ مقامی طالبان نے لاشوں کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے اس لیے یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ ہلاک ہونے والے مقامی ہیں یا اس میں غیر ملکی شامل ہیں۔ یاد رہے کہ یہ گزشتہ گیارہ دن میں وزیرستان میں ہونے والا تیسرا میزائل حملہ ہے۔ اس سے قبل سنیچر تیس اگست کو جنوبی وزیرستان میں ایک مقامی شخص کے گھر پر ہونے والے میزائل حملے میں دو عرب باشندوں سمیت چار افراد ہلاک اور دو زخمی ہوگئے تھے۔ بیس اگست کو بھی وانا میں افغانستان کی حدود سے مبینہ طور پر داغے گئے دو میزائل ایک معروف قبائلی شخص یعقوب مغل خیل کے مکان پر گرے تھے جس میں چھ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ اس حملے میں بھی مقامی لوگوں کے مطابق پنجابی طالبان اور غیرملکی عرب ہلاک ہوئے تھے۔ وزیرستان کی مقامی آبادی کا کہنا ہے کہ یہ تمام حملے سرحد پار افغانستان سے داغے جانے والے میزائلوں کی مدد سے کیے گئے ہیں جبکہ پاکستانی فوج نے ان حملوں کے بارے میں کوئی واضح معلومات فراہم نہیں کی ہیں۔ |