بلوچستان میں یومِ آزادی پر یومِ سیاہ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بلوچستان کے دار الحکومت کوئٹہ میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے پنجاب سے تعلق رکھنے والے دو مزدوروں کو ہلاک کردیا ہے۔ دوسری جانب صوبائی حکومت نے چودہ اگست کے موقع پر کوئٹہ میں سکیورٹی سخت کردی ہے بلوچ مزاحمت کاروں نے 14اگست کو پورے صوبے میں بطور احتجاج یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا ہے۔ کوئٹہ کے مصروف علاقے شاوکشاہ روڈ پر منگل کے روز نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے دو مزدوروں عبدالمجید اور محمد علی کو ہلاک کردیا جبکہ ایک راہ گیر محمد سنی بھی زخمی ہوا۔ واقعہ کے بعد ملزمان موٹر سائیکل پر فرار ہوگئے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔ پولیس کے مطابق واقعہ میں مرنے والے دونوں مزدورں کا تعلق پنجاب کے علاقے میاں چنوں سے تھا اور وہ محنت مزدور کرنے کوئٹہ آئے تھے۔ بلوچ لبریشن آرمی کے ترجمان بیبرگ بلوچ نے اس واقعہ کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کوئٹہ سمیت صوبے کے کسی بھی علاقے میں چودہ اگست کو جشن آزادی کی تقریبات پر حملے ہوسکتے ہیں لہٰذا لوگ ان تقریبات میں شرکت نہ کریں۔ بقول ان کے بلوچستان میں تین سال سے جاری فوجی آپریشن کے خلاف بلوچ قوم اس سال بھی 14اگست کو یوم سیاہ کے طور پر منائے گی۔ صوبائی حکومت نے ان حملوں کے بعد چودہ اگست کو یوم آزادی کی تقریبات کے پرامن انعقاد کے لیے سکیورٹی سخت کردی ہے جبکہ فرنٹیئر کور کے اہلکاروں کو اہم سرکاری عمارتوں پر تعینات کردیا ہے ۔ ادھر ڈیرہ بگٹی میں نامعلوم افراد نے پیر کوہ سے سوئی جانے والی سولہ انچ قطر کی گیس پائپ لائن کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا۔ بلوچ ری پبلکن آرمی کے ترجمان سرباز بلوچ نے اس واقعہ کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے سوئی کے قریب ایک ریموٹ کنٹرول بم حملے میں ایف سی کے کئی اہلکاروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے لیکن کوئٹہ میں ایف سی ذرائع نے اس کی تصدیق نہیں کی۔ یاد رہے کہ بلوچستان میں گزشتہ تین سالوں سے نہ صرف بلوچ قوم پرست جماعتیں چودہ اگست کو احتجاجاً یوم سیاہ کے طور پر مناتی ہیں بلکہ بلوچ مزاحمت کاروں کی جانب سے صوبے کے مختلف علاقوں میں بم دھماکے بھی ہوتے ہیں کیونکہ بلوچ قوم پرست پارٹیوں کا آج بھی مطالبہ ہے کہ صوبے میں فوجی آپریشن کو فوری طور پر بند کرکے بلوچستان کے عوام کو ان کے اپنے وسائل پر حق دیا جائے۔ | اسی بارے میں جشنِ آزادی کی تقریبات پر تنازعہ 12 August, 2008 | پاکستان کوئٹہ:تھانے میں دھماکے ایک ہلاک10 August, 2008 | پاکستان بلوچستان: بھاری حمایت کا دعویٰ11 August, 2008 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||