مسلم لیگ نون کی کابینہ میں واپسی | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان مسلم لیگ نون کے سینئیر رہنما چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پہلے مرحلے میں اُن کی جماعت کے چار وزراء دوبارہ کابینہ میں شامل ہوکر اپنی وزارتوں کا چارج سنبھال لیں گے۔ جمعہ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو چار وزراء دوبارہ کابینہ میں شامل ہوجائیں گے اُن میں احسن اقبال، سردار مہتاب عباسی ،خواجہ سعد رفیق اور رانا تنویر احمد شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون سے تعلق رکھنے والے باقی وزراء اُس وقت دوبارہ کابینہ میں شامل ہوجائیں گے جب افتخار محمد چودھری سمیت تمام معزول ججوں کو بحال کیا جائے گا۔ پاکستان مسلم لیگ نون سے تعلق رکھنے والے ان ارکان قومی اسمبلی میں احسن اقبال کے پاس تعلیم، سردار مہتاب احمد خان کے پاس ریلوے، خواجہ سعد رفیق کے پاس ثقافت اور امور نوجوانان اور رانا تنویر کے پاس دفاعی پیداوار کی وزارت تھی ۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ سے تعلق رکھنے والے وزراء اس سال تیرہ مئی کو پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی طرف سے معزول جج بحال نہ کرنے پر اپنی وزارتوں سے علیحدہ ہوگئے تھے۔ تاہم جمعرات کے روز پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے ہمراہ پریس کانفرنس میں پاکستان مسلم لیگ نون کے قائد میاں نواز شریف نے اعلان کیا تھا کہ اُن کی جماعت کابینہ میں دوبارہ شامل ہوجائے گی تاہم اس کا اعلان جمعہ کے روز کیا جائےگا۔ جب اُن سے پوچھا گیا کہ کیا یہ مسلم لیگی وزراء دوبارہ صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف سے حلف اُٹھائیں گے تو چودھری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگی وزراء نے جب وزارتوں سے علیحدہ ہوئے تھے تو انہوں نے اپنے استعفے وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کو بھجوائے تھے تاہم وزیر اعظم نے اُن کے استعفے منظور نہیں کیے تھے۔ دوبارہ کابینہ میں شامل ہونے والے وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پہلے مرحلے میں مسلم لیگی ارکان کی دوبارہ کابینہ میں شمولیت سے صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے خلاف مواخذے کی تحریک اور اعلی عدالتوں کے معزول ججوں کی بحالی میں مدد ملے گی۔ بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا یہ وزراء سنیچر کے روز اپنی وزارتوں کا چارج سنبھالیں گے۔ واضح رہے کہ سید یوسف رضا گیلانی نے نو مسلم لیگی وزراء کی وفاقی کابینہ کے علیحدگی کے باوجود اُن کی وزارتیں خالی رکھی تھیں اور پیپلز پارٹی کے وزراء کو ان وزاتوں کا اضافی چارج دیا گیا تھا۔ | اسی بارے میں آئینی پیکج: نون کی سفارشات تیار06 June, 2008 | پاکستان کابینہ سے مستعفی ہونے کا اعلان12 May, 2008 | پاکستان مرکز: وزارتوں کی تقسیم پر اتفاق18 March, 2008 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||