’مشرف کو امریکی حمایت بڑی رکاوٹ‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان میں ججوں کی بحالی کے لیے وکلاء تحریک کے سرخیل بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے ’دہشت گردی کے خلاف‘ امریکہ کی جنگ اس وقت تک کامیاب نہیں ہوسکتی جب تک پاکستان جیسے ملکوں میں عدلیہ کے ذریعے قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کی پاسداری یقینی نہیں ہوجاتی۔ واشنگٹن میں بی بی سی کے نامہ نگار برجیش اپادھیائے نے بتایا کہ اعتزاز احسن نے کہا کہ پاکستان میں ججوں کی بحالی میں ہر مرتبہ اور ہر اہم موڑ پر جنرل مشرف کے لیے امریکی حمایت سب سے بڑی رکاوٹ رہی ہے۔ اعتزاز احسن نے یہ بات گزشتہ روز واشنگٹن میں انسانی حقوق کے ادارے ایمنسٹی انٹرنیشنل کے دفتر میں ایک خطاب میں کہی۔ اعتزاز احسن نے بی بی سی کو بتایا کہ امریکہ میں خارجہ تعلقات کی کمیٹی کے سربراہ جو بائڈن اور سینیٹر جان کیری سے بھی ملاقات کی ہے۔ اعتزاز احسن نے بتایا کہ انہوں نے ان امریکی حکام کو باور کروایا کہ ’دہشت گردی کے خلاف جو جنگ‘ ہے اس کا سب سے اہم ہتھیار ہے عوام کو ان کے حقوق دینا، اور اگر عوام کو حقوق ملیں گے تو وہ ’دہشتگروں‘ کی حمایت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان حقوق کی ضمانت آزاد عدلیہ ہی دے سکتی ہے۔
اعتزاز احسن نے ایمنسٹی کی تقریب میں ججوں کی بحالی کی تحریک کے بارے میں بتایا کہ وہ کن حالات میں شروع ہوئی اور اس کا پس منظر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی سوچتا ہے کہ جن ججوں کو ہٹایا گیا وہ چپ ہو جائیں اور حکومت کو اپنا کام کرنے دیں تو یہ بہت غلط سوچ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر عدلیہ کو بحال نہ کیا گیا تو اگلے چند ماہ میں پھر سے لانگ مارچ کی طرح کی تحریک شروع کی جائے گی اور اس بار اس بات کی ضمانت نہیں دی جا سکے گی کہ تشدد نہیں ہوگا کیونکہ ضروری نہیں کہ معاملہ ان کے ہاتھ میں ہی رہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں جب بھی ججوں کی بحالی کی کوئی کوشش ہوئی چاہے وہ بینظیر بھٹو نے کی یا کسی اور نے امریکہ نے معاملات میں مداخلت کی۔ انہوں نے کہا کہ جج قید تھے ان کے بال بچے گھروں میں بند تھے لیکن امریکہ سے کوئی آواز نہیں اٹھائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ممبر تھے، ہیں اور رہیں گے لیکن ججوں کے معاملے میں وہ آصف زرداری کی رائے سے متفق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی کہتا ہے کہ ججوں کی بحالی میں آئین رکاوٹ ہے تو وہ غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو ہو رہا ہے وہ سیاست کے سوا کچھ نہیں۔ | اسی بارے میں امریکہ پرانی عدلیہ کی بحالی پرزوردے19 December, 2007 | پاکستان ’یہ ایمرجنسی نہیں، مارشل لا ہے‘03 November, 2007 | پاکستان ’اسوقت صدرنہیں، پارلیمان رکاوٹ ہے‘10 June, 2008 | پاکستان باجوڑ حملہ: صدر بش سے بات18 May, 2008 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||