لیگی استعفے، پی پی کا اہم اجلاس | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان میں وفاقی کابینہ میں شامل مسلم لیگ کے وزراء کے استعفوں کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر غور کرنے کے لیے پیپلز پارٹی کا اعلی سطحی اجلاس بدھ کی شام کو ہو رہا ہے۔ جبکہ دوسری طرف حزب اختلاف کی جماعتوں کے اتحاد آل پارٹیز ڈیموکریٹک الائنس اے پی ڈی ایم کے رہنما بھی ججوں کی بحالی کے لیے اپنی جدوجہد کا آئندہ لائحہ عمل طے کرنے کے لیے ملاقات کر رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے اجلاس کے بارے میں پارٹی ترجمان نے بتایا ہے کہ زرداری ہاؤس میں پارٹی کے صوبہ پنجاب سے منتخب اراکین اور صوبے سے مرکزی مجلس عاملہ اور فیڈرل کونسل کے ممبران کے اجلاس کے بعد پونے آٹھ بجے رات آصف علی زرداری پریس کانفرنس کریں گے۔ پیپلز پارٹی پنجاب کے رہنماؤں کے اجلاس کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی وفاقی کابینہ سے علیحدگی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور باالخصوص پنجاب کی صوبائی حکومت کے بارے میں بھی غور ہوگا، جہاں مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائم ہے۔ ادھر جماعت اسلامی کی میزبانی میں ’اے پی ڈی ایم، نامی اتحاد کا ایک اجلاس ہورہا ہے جس میں قاضی حسین احمد محمود خان اچکزئی اور عمران خان شریک ہیں۔ اس اتحاد میں پہلے تو مسلم لیگ (ن) اور جمیعت علماء اسلام (ف) بھی شامل تھیں لیکن جماعت اسلامی کے ایک ترجمان شاہد شمسی کے مطابق اجلاس میں ان دونوں جماعتوں کا کوئی نمائندہ شریک نہیں۔ اطلاعات کے مطابق ’اے پی ڈی ایم، کے اجلاس میں ہم خیال دیگر جماعتوں سے رابطہ کرکے وکلاء کے ساتھ مل کر ججوں کی بحالی کے لیے مشترکہ کوششیں کرنے کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔ | اسی بارے میں کابینہ سے مستعفی ہونے کا اعلان12 May, 2008 | پاکستان آصف زرداری کنٹینر کیس میں بری13 May, 2008 | پاکستان ’ہنی مون ختم، شادی چلتی رہےگی‘13 May, 2008 | پاکستان لیگی استعفے وزیرِ اعظم کے حوالے13 May, 2008 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||