BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Wednesday, 09 April, 2008, 22:10 GMT 03:10 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
تعمیر نو میں تاخییر پر احتجاج

مظفر آباد مظاہرہ
اس مظاہرے کا انعقاد مظفرآباد عوامی اتحاد نے کیا تھا
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں سینکڑوں زلزلہ متاثرین نے شہر کی تعمیر نو کے کام کا آغاز نہ ہوسکنے کے خلاف احتجاج کیا۔

زلزلے کے ڈھائی سال بعد بھی شہر کی تعمیر نو کا کام شروع نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں میں بے چینی اور اضطراب بڑھتا جا رہا ہے اور بدھ کا احتجاج اسی کا اظہار تھا۔

اس مظاہرے کا انعقاد کئی سیاسی، سماجی، طلبہ اور تاجر تنظیموں پر مشتمل مظفرآباد عوامی اتحاد نے کیا تھا جس میں سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی۔
مظاہرین نے کشمیر کے اس علاقے کے وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان اور تعمیر نو کے اداروں کے خلاف نعرہ بازی کی اور وہ یہ مطالبہ کر رہے تھے کہ مظفرآباد شہر کی تعمیر نو کا کام فوری طور پر شروع کیا جائے۔

اس اتحاد کے سربراہ سلیم پروانہ نے شہر کی تعمیر نو کا کام شروع نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ’حکومت کئی ماہ سے یہ کہتی آرہی ہے کہ چند روز میں شہر کی از سر نو تعمیر کا کام شروع کیا جائے گا لیکن آج تک ان اعلانات کو عملی جامہ نہیں پہنایا گیا۔‘

انہوں نے اس خدشے کا اظہار کیا کہ مظفرآباد شہر کو نئے سرے سے تعمیر کرنے کا منصوبہ ترک کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے ان کا کہنا ہے کہ لوگ سخت پریشان ہیں اور ذہنی کرب کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ’حکام اصل صورت کی وضاحت کریں اور شہر کی تعمیر نو کا کام فوری طور پر شروع کیا جائے بصورت دیگر اسلام آباد کی طرف احتجاجی مارچ کیا جائےگا۔‘

آٹھ اکتوبر سنہ دو ہزار پانچ کے زلزلے میں تباہ ہونے والے مظفرآباد شہر کی تعمیر نو کا کام ابھی تک شروع نہیں ہوسکا جس کی وجہ سے لوگوں کے ذہنوں میں شکوک و شبہات پیدا ہو رہے ہیں اور تعمیر نو کے اداروں کے خلاف ان کا غم و غصہ بڑھتا جارہا ہے۔

زلزلے سے متعلق پاکستان کے تعمیر نو اور بحالی کے ادارے ’ایرا‘ کے ڈائریکٹر جنرل مکانات بریگیڈئیر وقار اقبال راجہ نے اس کی سختی سے تردید کی کہ شہر کو از سر نو تعمیر کرنے کا منصوبہ ترک کیا جارہا ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ’ تعمیر نو کا کام شروع کرنے میں ایسی کوئی تاخیر نہیں ہورہی البتہ ابتدائی سروے اور تیکینکی امور کے باعث وقت لگا۔‘
انہوں نے کہا کہ’اس صورت حال کو مد نظر رکھتے ہوئے ہم نے چین کی ایک بڑی کمپنی کو مظفرآباد شہر کی تعمیر نو کا کام سونپا تاکہ یہ کام وقت پر مکمل ہوجائے۔‘ انہوں نے کہا کہ اب کوئی رکاوٹ نہیں اور اسی ماہ میں کام کا آغاز کردیا جائے گا۔‘

وقار راجہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ مظفرآباد شہر کو از سر نو تعمیر کرنے کے منصوبے پر کوئی پیننیس کڑوڑ ڈالر کی رقم خرچ کی جائے گی جس میں چین کی حکومت نے تیس کڑوڑ ڈالر کا قرض نرم شرائط پر فراہم کیا ہے جبکہ پانچ کروڑ ڈالر حکومت پاکستان فراہم کر رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ اگلے پانچ سال میں مکمل کیا جائے گا۔

حکام کا موقف اپنی جگہ لیکن متاثرین ان کے دعوؤں پر اعتبار کرنے کے لیے تیار نہیں اور ان کا کہنا ہے کہ زلزلے کے بعد سے مظفرآباد سے اسلام آباد تک حکمران اور سرکاری عہدیدار اسی طرح کے واعدے کرتے آرہے ہیں لیکن ان پر عمل درآمد نہیں کیا جارہا۔

بدھ کے احتجاج کے دوران مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر مظفرآباد شہر کی تعمیر نو کا کام فوری طور پر شروع نہیں کیا گیا تو وہ وسیع پیمانے پر احتجاج کریں گے۔

مظاہرین نے مجموعی طور پر متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں زمین پر کوئی منصوبہ نظر نہیں آرہا ہے اور متاثرین زلزلے کے ڈھائی سال بعد بھی مشکل حالات میں رہنے پر مجور ہیں۔

انہوں نے پاکستان کے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سے مطالبہ کیا کہ ایک اعلیٰ کمشین تشکیل دیا جائے جو اس کی تحقیقات کرے کہ متاثرین کے لیے آنے والی رقم کہاں گئی۔

متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو کی سست رفتار اور منصوبے شروع کرنے میں تاخیر کے باعث لوگوں میں بے چینی بڑھتی جارہی ہے اور بدھ کے روز کا احتجاج اسی کا اظہار تھا۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد