انتخابی مہم: خضدار میں دھماکہ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بلوچستان کے شہر خضدار میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے دو امیدواروں کے مشترکہ دفتر کے سامنے دھماکہ ہوا ہے، جس میں پانچ صحافیوں سمیت بارہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ خضدار کے ضلعی پولیس افسر حامد شکیل نے بتایا ہے کہ دھماکہ دو انتخابی امیدواروں کے دفتر کے سامنے ہوا ہے جہاں سائیکل کھڑے تھے۔ انہوں نے کہا ہے کہ دو زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ اس دھماکے میں پانچ صحافی بھی زخمی ہوئے ہیں جن میں روزنامہ جنگ کے نامہ نگار ایوب بلوچ شدید زخمی ہیں۔ جس جگہ دھماکہ ہوا وہاں قومی اسمبلی کے آزاد امیدوار محمد عثمان ایڈووکیٹ اور صوبائی اسمبلی کے امیدوار سردار اسلم بزنجو کا مشترکہ دفتر واقع ہے۔ محمد عثمان ایڈووکیٹ نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ وہ پریس کانفرنس کرنے اپنے دفتر آ رہے تھے کہ اچانک دھماکہ ہوا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ اس کارروائی کے پیچھے ایجنسیوں کا ہا تھ ہو سکتا ہے کیونکہ ان کے کارکنوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور انہیں بھی دھمکیاں مل رہی ہیں۔
عثمان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ حکومت اپنے منظور نظر امیدواروں کو کامیاب کرانے کے لیے اس طرح کے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے جہاں ایک طرف انہیں بھی گرفتار کیا جا رہا ہے جو انتخابات کا بائیکاٹ کر رہے ہیں اور دوسری طرف انتخابات میں حصہ لینے والے افراد کو اس طرح کی کارروائیوں (دھماکوں) سے ہراساں کیا جا رہا ہے۔ محمد عثمان ایڈووکیٹ گرفتار قوم پرست سیاسی کارکنوں کے وکیل ہیں جبکہ سردار اسلم بزنجو کا تعلق نیشنل پارٹی سے ہے اور وہ خضدار کے ضلع ناظم رہ چکے ہیں۔ لیکن نیشنل پارٹی کے انتخابات سے بائیکاٹ کی وجہ سے وہ آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ گزشتہ روز شمالی وزیرستان کے گاؤں عیدک میں عوامی نیشنل پارٹی کے قومی اسمبلی کے امیدوار نثار خان پر خودکش حملہ ہوا تھا، جس میں خودکش بمبار سمیت سات افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ نثار خان تو حملے میں محفوظ رہے لیکن ہلاک ہونے والوں میں عوامی نیشنل پارٹی کے سابق عہدیدار حاجی انور شاہ اور ملک بخت الدین شامل تھے۔ | اسی بارے میں انتخابی ریلی میں دھماکہ، 22 ہلاک09 February, 2008 | پاکستان کوئٹہ میں دھماکہ ایک شخص ہلاک05 February, 2008 | پاکستان امام بارگاہ:خود کش حملہ، 10ہلاک17 January, 2008 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||