عزیزاللہ خان بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ |  |
 | | | بلوچستان کے وکلاء احتجاج کرتے ہوئے (فائل فوٹو) |
بلوچستان میں وکلاء نے لاہور میں دھماکے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور ملک میں ہونے والے تمام دھماکوں کی ذمہ دار صدر ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف کی حکومت کو ٹھہرایا ہے۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے قائم مقام صدر سخی سلطان ایڈووکیٹ نے لاہور ہائی کورٹ کے سامنے پولیس اہلکاروں پر حملے کے حوالے سے کہا ہے کہ یہ دھماکہ اور اس سے پہلے ہونے والے دھماکوں کی ذمہ داری صدر پرویز مشرف حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا ہے اس وقت ملک کی سالمیت کو خطرات لاحق ہیں جہاں بلوچستان، سندھ اور صوبہ سرحد وفاق کی پالیسیوں سے نالاں ہیں۔ انھوں نے مطالبہ کیا ہے کہ صدر پرویز مشرف فوری طور پر مستعفی ہوں اور قومی حکومت تشکیل دی جائے۔
 | ذمہ دار مشرف حکومت ہے  اس طرح کے دھماکوں سے لوگوں میں خوف و ہراس پیدا کیا جا رہا ہے۔  باز محمد کاکڑ |
بلوچستان بار ایسوسی ایشن کے صدر باز محمد کاکڑ نے کہا ہے کہ اس طرح کے دھماکوں سے لوگوں میں خوف و ہراس پیدا کیا جا رہا ہے۔ باز محمد کاکڑ کے مطابق فوج، پولیس اور شہریوں پر دھماکوں کی ذمہ داری صدر پرویز مشرف اور ان کی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ بلوچستان میں لاہور میں دھماکے کے حوالے سے کوئی احتجاجی مظاہرہ نہیں کیا گیا ہے۔ اس بارے میں وکلاء قائدین نے کہا ہے کہ بلوچستان میں عدالتوں کی چھٹیاں ہیں اور بیشتر وکلاء اپنے اپنے شہروں کو گئے ہوئے ہیں اس لیے کوئی مظاہرہ نہیں کیا گیا ہے۔ |