مسلم لیگ(ن) پر ہراساں کرنے کا الزام | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے ایک نجی ٹی وی چینل نے پاکستان مسلم لیگ (ن) پر الزام لگایا ہے کہ اس کے رہنماؤں نے جماعت کے سربراہ سابق وزیراعظم نوازشریف کے ایک انٹرویو کی ریکارڈنگ زبردستی چھین لی اور چینل کے عملے کو ہراساں کیا۔ اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس میں ’بزنس پلس‘ چینل کے ڈائریکٹر نیوز رانا مبشر نے بتایا کہ دو جنوری کو وہ سابق وزیراعظم نواز شریف سے انٹرویو کرنے کے لیے لاہور میں ان کی رہائش گاہ پہنچے اور انہوں نے انٹرویو کے دوران نواز شریف سے ان کی حکومت سے مبینہ ڈیل، جدہ جانے سے پہلے قریبی ساتھیوں کو اعتماد میں نہ لینے اور ان کے سابق دور حکومت میں مختلف عہدیداروں سے اختلافات کے حوالے سے سوالات کیے۔ رانا مبشر کے مطابق میاں نواز شریف نے ان سوالات کے جوابات میں مختلف لوگوں کے لیے تضحیک آمیز الفاظ استعمال کیے۔ ان کے مطابق ابھی انٹرویو جاری تھا کہ نواز شریف کے قریبی ساتھی پرویز رشید نے انہیں انٹرویو روکنے اور ریکارڈنگ کی ٹیپ حوالے کرنے کے لیے کہا اور دھمکی دی کہ وہ ٹیپ دیے بغیر باہر نہیں جاسکتے۔ اس بارے میں جب مسلم لیگ نواز سے سیکرٹری اطلاعات احسن اقبال سے پوچھا گیا تو انہوں نے واقعے کی تردید کرتے ہوئے اسے مسلم لیگ نواز کے خلاف حکومت کی جانب سے پروپیگنڈا قرار دیا۔ رانا مبشر کا یہ بھی کہنا تھا کہ پرویز رشید نے کہا کہ یہ انٹرویو نشر کیے جانے کے قابل نہیں ہے اس لیے آپ دوبارہ انٹرویو کریں۔ ان کے اصرار پر انہوں نے دوبارہ انٹرویو ریکارڈ کیا اور پھر تمام عملے کو جانے کی اجازت دی گئی۔ واضح رہے کہ مذکورہ چینل کے مالک سلمان تاثیر نگران حکومت میں نجکاری کے وزیر ہیں جبکہ ملک میں ایمر جنسی کے نفاذ کے بعد بحال ہونے والا یہ پہلا نجی ٹی وی چینل تھا۔ | اسی بارے میں انتخابات کا بائیکاٹ: نواز شریف27 December, 2007 | پاکستان سیاسی واقعات: کب کیا ہوا27 December, 2007 | پاکستان ’ہنگامے زرداری اور شہباز نے کرائے‘02 January, 2008 | پاکستان نئی تاریخ پر ق لیگ خوش، باقی نالاں03 January, 2008 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||