راشد رؤف فرار: ملزمان کا ریمانڈ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
برطانیہ طیارہ سازش کیس کے مبینہ مرکزی کردار راشد رؤف کے فرا ر ہونے کے الزام میں گرفتار ہونے والے اسلام آباد پولیس کے دو اہلکاروں کو منگل کے روزجوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا گیا۔ اس کے علاوہ راشد رؤف کے ماموں محمد رفیق کو بھی جنہیں پولیس نے اسی مقدمہ میں گرفتار کیا تھا جیل بھیج دیا گیا ہے۔ ملزمان چودہ روز تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں رہے ۔ اس واقعہ کی تحقیقات کرنے والی ٹیم میں شامل سب انسپکٹر عبدالستار نے بی بی سی کو بتایا کہ تفتیش میں ملزمان سے راشد رؤف کےبارے میں قابل ذکر اطلاعات نہیں ملی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی متعدد ٹیموں نے راشد رؤف کے رشتہ داروں اور دوستوں سے بھی پوچھ گچھ کی ہے جو عدالت میں پیشی کے دوران اس سے ملاقات کے لیے آتے تھے۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ پولیس کی ٹیم نے راشد رؤف کے سسرال کے علاوہ ان کے اہلخانہ سے بھی رابطہ کیا ہے اور وہاں سے بھی ملز م کی گرفتاری کے حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ تفتیشی افسر کے مطابق ملزم کے رشتہ داروں نے پولیس کو بتایا کہ راشد رؤف نے ان سے اس وقت رابطہ کرنا شروع کیا جب وہ جیل میں تھا اس سے پہلے انہوں نے اپنے رشتہ داروں سے رابطہ نہیں کیا تھا۔ واضح رہے کہ راشد رؤف پندرہ دسمبر کو اُس وقت پولیس کی تحویل سے فرار ہوگئے تھے جب انہیں اسلام آباد کچہری میں ایک عدالت میں پیش کرنے کے بعد واپس اڈیالہ جیل لے جایا جا رہا تھا۔ اس واقعہ کی تحقیقات کے لیے وزارت داخلہ کے ایڈیشنل سیکرٹری کی سربراہی میں ایک چار رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس کے بارے میں نگران وزیر داخلہ حامد نواز کا کہنا ہے کہ اس واقعہ کی تحقیقات کرنے والی چار رکنی ٹیم نے اپنی ابتدائی رپورٹ مکمل کر لی ہے تاہم حتمی رپورٹ تیار کرنے میں ابھی کچھ وقت لگے گا۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھاکہ اس امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا کہ راشد رؤف بیرون ملک فرار ہوگئے ہیں کیونکہ ان کو کافی وقت مل گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ راشد رؤف بیرون ملک صرف گاڑی پر ہی جا سکتے ہیں ہوائی جہاز پر ان کے جانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ پولیس نے راشد رؤف کے کوائف اور تصاویر ملک بھر کے پولیس سٹیشنوں، ریلوے سٹیشنوں اور ہوائی اڈوں پر بھجوا دئیے ہیں۔ | اسی بارے میں راشد رؤف کے بدلے حیربیار مری13 December, 2007 | پاکستان راشد رؤف کے رشتے دار گرفتار17 December, 2007 | پاکستان راشد: پولیس اہلکاروں کا ریمانڈ18 December, 2007 | پاکستان راشد رؤف کے ماموں کا بھی ریمانڈ19 December, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||