 | | | ’بش کی مشرف کو کھلی چھوٹ دینے کی پالیسی ناکام ہوگئی ہے‘ |
آئندہ برس ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کی طرف سے امیدوار بننے کی کوششوں میں مصروف سینیٹر ہیلری کلنٹن نے اپنے ایک بیان میں مطالبہ کیا ہے کہ بینظیر بھٹو کے قتل کی آزادانہ عالمی تحقیقات ہونی چاہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ صدر مشرف کی حکومت اپنی ساکھ کھو چکی ہے۔ انہوں نے موجودہ امریکی انتظامیہ کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بینظیر بھٹو کا قتل صدر بش کی خطے میں حکمت عملی کا پول کھولتا ہے۔ ’یہ ثابت ہوگیا ہے کہ بش کی مشرف کو کھلی چھوٹ دینے کی پالیسی ناکام ہوگئی ہے۔‘ جمعرات کو راولپنڈی میں ایک قاتلانہ حملے میں سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو کی ہلاکت نے امریکہ میں ہر دو پارٹیوں ریپبلیکن اور ڈیموکریٹک کی طرف سے صدارتی امیدوار بننے کے خواہشمندوں کو خارجہ پالیسی پر بات کرنے کا موقع دیا ہے۔ بارک اوبامہ نے اپنے بیان میں کہا ’ہم نے صدر مشرف کی حمایت میں اربوں ڈالر خرچ کر دیئے اور وہ دہشتگردی پر قابو نہیں پا سکے، بلکہ اس کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے۔‘ ریپبلیکن امیدوار بننے کے خواہشمند جان مکین کا کہنا ہے کہ صدر مشرف کو انتخابات کے ذریعے جمہوریت کا عمل مکمل کرنا چاہیے۔ |