’بائیکاٹ جذباتی فیصلہ ثابت ہوا‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ وقت نے ثابت کردیا ہے کہ ایم ایم اے کے صدر قاضی حسین احمد کا انتخابات سے بائیکاٹ کا فیصلہ جذباتی تھا۔ مولانا فضل الرحمٰن اسلام آباد میں مختلف اسلامی ممالک کے سفیروں سے ملاقاتوں کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ منگل کو متحدہ مجلس عمل کی سپریم کونسل کے اجلاس میں قاضی حسین احمد کو احساس دلایا جائے گا کہ وہ بائیکاٹ کر کے تنہائی کی طرف نہ جائیں اور اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں۔ مولانا فضل الرحمن نے قاضی حسین احمد سے مطالبہ کیا کہ اگر کوئی جماعت ایم ایم اے کے پلیٹ فارم سے انتخابات میں حصہ لینا چاہتی ہے تو اسے نہ روکا جائے اور ایسا رویہ نہ رکھا جائے جس سے اتحاد کو خطرہ لاحق ہوجائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ دینی جماعتوں کا اتحاد متحدہ مجلس عمل قائم رہے اور پاکستانی سیاست پر اثر انداز ہونے والے خارجی عوامل کا مقابلہ کرتا رہے۔ ایک سوال کے جواب میں مولانا نے کہا کہ لندن کی آل پارٹیز کانفرنس کے بعد سیاسی اتحادوں میں توڑ پھوڑ کا سلسلہ جاری ہے۔ اے پی ڈی ایم اور اے آر ڈی جیسے اتحاد ٹوٹے جبکہ ایم ایم اے کے ٹوٹنے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات ایک معمول کا راستہ ہے جسے اختیار کرنے میں ہی بہتری ہے جبکہ متبادل راستہ اختیار کرنے کے لئے مکمل اتفاق رائے کی ضرورت ہے۔ معزول ججوں کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہماری رائے یہ ہے کہ ملک میں آئین بحال کیا جائے اور معزول ججوں سے حلف لینے کے لئے ترجیح دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت کسی بھی سیاسی جماعت کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کر سکتی ہے تاہم کسی جماعت کے ساتھ نظریاتی اتحاد نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ فرحت اللہ بابر کے منفی بیانات کی وجہ سے پیپلز پارٹی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں ہوسکی اس لئے پنجاب اور سندھ میں مسلم لیگ (ق) کے ساتھ سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی جا رہی ہے۔ مولانا نے کہا کہ اسلامی ممالک کے سفیروں نے پاکستان میں انتخابات کے انعقاد کو مثبت پیش رفت قرار دیا ہے اوران کی خواہش ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں انتخابی عمل سے گزریں تا کہ ملک میں جمہوری اقدار کو فروغ مل سکے۔ | اسی بارے میں وزیرستان آپریشن روکا جائے: قاضی10 October, 2007 | پاکستان بائیکاٹ موخر، احتجاج کی کال19 November, 2007 | پاکستان مسلم لیگ (ن) انتخاب لڑے گی09 December, 2007 | پاکستان الیکشن کا بائیکاٹ: نواز شریف29 November, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||