عباس نقوی کراچی |  |
 | | | اتوار کو دو تقاریب کے دوران آٹھ ججز نے حلف اٹھایا |
سندھ ہائی کورٹ کے مزید چار ججز نے اتوار کو پی سی او دو ہزار سات کے تحت حلف اُٹھا لیا ہے اور اس طرح سندھ ہائی کورٹ میں پی سی او کے تحت حلف اُٹھانے والوں کی تعداد بارہ ہوگئی ہے۔ گورنر ہاؤس میں اتوار کی رات منعقد ہونے والی ایک تقریب میں جن چار نئے ججز نے سندھ ہائی کورٹ کے ججز کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔ اُن میں سابق ایڈووکیٹ جنرل سندھ خواجہ نوید ایڈووکیٹ، سکھر بینچ کے جج جسٹس عبدالرحمان فاروق، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق نائب صدر رانا ایم شمیم ایڈووکیٹ اور متحدہ قومی مومنٹ کے ٹکٹ سے رکن اسمبلی اور صوبائی وزیرِ تعلیم مقرر ہونے والے قاضی خالد ایڈوکیٹ جو سابق ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل سندھ رہے ہیں شامل ہیں۔ گورنر ہاؤس میں منعقد ہونے والی یہ تقریب سادہ اور پر وقار تھی جس میں صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس تقریب سے پہلے گورنر ہاؤس میں پی سی او کے تحت ججوں کی حلف برداری کی ایک اور تقریب منعقد ہوئی تھی جس میں سندھ ہائی کورٹ کے مزید چار ججوں نے حلف اُٹھایا تھا جن میں جسٹس ندیم اظہر صدیقی، جسٹس عزیزاللہ میمن، جسٹس علی سائیں ڈنواور جسٹس محمود عالم رضوی شامل تھے۔ سندھ ہائی کورٹ کے نئے چیف جسٹس، جسٹس افضل سومرو نے نئے ججوں سے حلف لیا۔ واضح رہے کہ سندھ ہائی کورٹ کے کل ستائیس میں سے چار ججوں نے پہلے ہی پی سی او کے تحت حلف اٹھا لیا تھا اس طرح سندھ ہائی کورٹ میں پی سی او کے تحت حلف اُٹھانے والوں کی تعداد بارہ ہوگئی ہے۔ |