ایمرجنسی کا دن، لمحہ بہ لمحہ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
سنیچر کے روز چیف آف آرمی سٹاف جنرل مشرف نے ملک میں ایمرجنسی نافذ کر دی اور انیس سو تہتر کے آئین کو معطل کر دیا۔ ذیل میں سنیچر کے واقعات کا مختصر احوال پیش کیا جا رہا ہے: ٭ سب سے پہلے مقامی نجی ٹی وی چینلوں پر یہ خبر نشر کی گئی کہ پرائم منسٹر ہاؤس میں ایک اہم اجلاس ہو رہا ہے جس میں پیمرا اور وزارت اطلاعات کے اعلیٰ حکام ملک میں نافذ العمل میڈیا پالیسی کا از سر نو جائزہ لے رہے ہیں۔ ٭ ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا کہ ایوان صدر میں ہونے والے ایک اجلاس میں ملک کی عمومی صورت حال سے متعلق اہم فیصلے کیے جا رہے ہیں۔ ٭ اس کے تھوڑی ہی دیر بعد پولیس ذرائع سے یہ اطلاعات موصول ہوئیں کہ پنجاب کانسٹیبلری کے پندرہ سو جوانوں کی خدمات اسلام آباد انتظامیہ کے حوالے کی جارہی ہیں۔ ٭ پانچ بجے سے ذرا دیر بعد ملک کے بڑے شہروں میں کیبل آپریٹروں نے نجی نیوز چینل کی نشریات بند کر دیں۔ اس اقدام سے متاثر ہونے والے نجی ٹی وی چینلوں میں اے آر وائی، جیو اور آج شامل ہیں۔ ٭پیمرا حکام نے حالات حاضرہ سے متعلق پروگرام نشر کرنے والے ایف ایم ریڈیو سٹیشنوں کو بند کر دیا۔ اسلام آباد میں پاور 99 اور کراچی میں مست ایف ایم 103 اس اقدام کی زد میں آئے۔ ٭ اس کے ساتھ ہی سرکاری ٹی وی چینل پی ٹی وی سے اعلان کیا گیا کہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل پرویز مشرف نے ملک میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے اور آئین معطل کر کے عبوری آئینی حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔ ٭ ہمسایہ ملک بھارت نے اپنے ردِ عمل میں ایمرجنسی کے نفاذ پر افسوس کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ حالات جلد ہی معمول پر آجائیں گے اور جمہوری عمل بحال ہوجائےگا۔ ٭ ایمرجنسی کے نفاذ کے اعلان کے بعد سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس صبیح الدین احمد نے اعلان کیا کہ انہیں برطرفی کا کوئی حکم نامہ نہیں ملا اور وہ اب بھی چیف جسٹس ہیں۔
٭سپریم کورٹ کے سات رکنی بینچ نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل پرویز مشرف کی جانب سے ملک میں ایمرجنسی نافذ کرنے کے حکم کو کالعدم قرار دیا ہے۔ ٭ اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے سینیئر جج جسٹس عبدالحمید ڈوگر نے چیف جسٹس آف پاکستان کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔ ان کے ساتھ تین دیگر ججوں نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا۔ جسٹس سید سعید اشہد نے کراچی میں اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔ ٭ کوئٹہ میں جسٹس امان اللہ یاسین زئی نے بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔ ہائی کورٹ کے چار دیگر ججوں نے بھی نئے عبوری آئین کے تحت حلف اٹھایا۔ ٭ کراچی میں چیف جسٹس محمد افضل سومرو سمیت سندھ ہائی کورٹ کے چار ججوں نے پی سی او کے تحت گورنر ہاؤس میں ایک تقریب کے دوران حلف اٹھایا۔ ٭ لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس افتخار حسین چودھری کے علاوہ بارہ ججوں نے عبوری آئینی حکم کے تحت اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا۔ لاہور ہائی کورٹ کے چار مزید ججوں نے اتوار کو حلف اٹھایا۔ ٭ ملک میں ایمر جنسی کے نفاذ کے بعد میں پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی اور چار وکلا کو کوئٹہ میں ان کے گھروں میں نظر بند کر دیا گیا۔ ٭ پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اور چھ ججوں نے سنیچر کی رات اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا۔ سرحد کے گورنر علی محمد جان اورکزئی نے چیف جسٹس طلعت قیوم قریشی سے حلف لیا جبکہ جسٹس طلعت قیوم قریشی نے باقی ججوں سے حلف لیا۔ | اسی بارے میں گرفتاریوں،نظربندی کا سلسلہ جاری04 November, 2007 | پاکستان ایمرجنسی،سینکڑوں گرفتار،مزید ججوں کا حلف،عالمی تشویش04 November, 2007 | پاکستان وکلاء کےگھروں پر چھاپے، کئی گرفتار04 November, 2007 | پاکستان ایمرجنسی پر ڈھکی چھپی تنقید04 November, 2007 | پاکستان ’عام انتخابات کا فیصلہ نہیں ہوا‘04 November, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||