انتخاب امیر بی بی سی، اُردو ڈاٹ کام، پشاور |  |
 | | | بینظیر بھٹو نے اٹھارہ اکتوبر کو کراچی پہنچنے کا اعلان کیا ہے |
پاکستان پیپلز پارٹی، صوبہ سرحد کے صدر رحیم داد خان نے کہا ہے کہ صوبہ بھر سے بیس ہزار سے زائد کارکن پارٹی کی چئرپرسن بےنظیر بھٹو کے استقبال کے لیے کراچی جائیں گے۔ منگل کو پشاور میں ایک پریس کانفرنس کے دوران اُنھوں نے کہا کہ صوبہ میں ضلعی تنظیموں کو اس سلسلے میں ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں۔ ہر ضلع سے پی پی پی کے کارکنوں پر مشتمل قافلے منگل اور بدھ کو کراچی کے لیے روانہ ہونگے اور اٹھارہ اکتوبر کو بے نظیر بھٹو کی کراچی آمد کے موقع پر نکلنے والے جلوس میں شرکت کریں گے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق ہر ضلع سےکم از کم تین تین سے زائد بسوں پر مشتمل قافلے کراچی جائیں گے۔ اس سلسلے میں منگل کی شام کو چار بسوں پر قافلہ پشاور سے کراچی کے لیے براستہ ڈیرہ اسمعیل خان روانہ ہوا جہاں سے مذید بسوں کے ہمراہ قافلہ کراچی براستہ بلوچستان جائے گا۔ پشاور سے روانہ ہونے والے قافلے میں پشاور شہر کے کارکن شامل تھے جبکہ اس کے علاوہ ضلع پشاور سے بھی تین بسوں پر مشتمل قافلہ کراچی کے لیے روانہ ہوگا۔ گرانڈ ٹرنک روڈ پشاور سے روانہ ہونے اس قافلے میں شامل پارٹی کارکنوں نے پی پی پی چئرپرسن بے نظیر بھٹو کی حمایت میں اور سندھ کے وزیرِ اعلیٰ ارباب غلام رحیم کے خلاف نعرے بازی کی۔ |