شہزاد ملک بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد |  |
 | | | حال ہی میں راولپنڈی میں آئی ایس آئی کی بس کو بھی نشانہ بنایا گیا |
پاکستان کی وزارت داخلہ نے چاروں صوبوں، اسلام آباد کی انتظامیہ اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے حکام کو خبردار کیا ہے کہ خودکش حملہ آوروں کا گروہ ایک مرتبہ پھر سرگرم ہوگیا ہے اور وہ اپنی کارروائیاں کرنے کی کوشش کریں گے۔ ملک بھر کی پولیس کے اعلی افسران سے کہا گیا ہے کہ وہ ان شدت پسندوں کی کارروائیوں کو روکنے کے لیے سخت حفاظتی اقدامات کریں۔ بی بی سی کو حاصل ہونے والی ایک سرکاری دستاویز کے مطابق وزارت داخلہ کے نیشنل کرائسز مینجمنٹ سیل نے چاروں صوبوں کے ہوم سیکرٹریز اور صوبائی پولیس کے اعلی حکام کو گیارہ ستمبر کو ایک خط لکھا ہے جس میں ایک خودکش حملہ آور کے بارے میں مخصوص معلومات فراہم کی گئی ہیں۔ اس دستاویز کے مطابق ایک مشتبہ خودکش حملہ آور حال ہی میں مہمند تحصیل سے اپنے مشن پر روانہ ہوا ہے۔ اُس کی روانگی سے پہلے ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں اس کے مشن کی کامیابی کے لیے دعا کی گئی تھی۔ خط کے مطابق اس مبینہ خود کش حملہ آور کا حلیہ بھی بیان کیا گیا ہے۔ خط کے مطابق اس خودکش حملہ آور کی عمر چالیس سال کے قریب ہے، قد پانچ فٹ سات انچ ہے اور کالی داڑھی ہے۔ حکومتی معلومات کے مطابق حملہ آور نے باجوڑی ٹوپی اور چارسدہ کی چپل پہنے ہوئے ہے۔ |