منیر مینگل پھر ’غائب‘ کر دیے گئے | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بلوچی زبان کے ایک ٹی وی چینل کے مینیجنگ ڈائریکٹر منیر مینگل کو رہا کرنے کے عدالتی احکامات کے باوجود پولیس نے انہیں مبینہ طور پر دوبارہ گرفتار کر لیا ہے۔ منیر مینگل کے وکیل جمیل الرحمان کاکڑ نے بی بی سی کو بتایا کہ بلوچستان ہائی کورٹ نے دو روز پہلے منیر مینگل کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا اور گزشتہ روز حکم نامہ جاری ہونے کے بعد معلوم ہوا کہ پولیس نے منیر مینگل کو تین ایم پی او کے تحت دوبارہ گرفتار کر لیا ہے اور یہ بھی ہو سکتا ہے کہ ان کی گرفتاری میں ایک ماہ کی توسیع کر دی گئی ہو۔ جمیل الرحمان ایڈووکیٹ نے بتایا ہے کہ منیر مینگل کو رات بارہ بجے پولیس نے تحویل میں لے کر کسی نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ اس بارے میں کوئٹہ میں پولیس حکام سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے منیر مینگل کی گرفتاری کے حوالے سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔ منیر مینگل کی والدہ نے بی بی سی کوبتایا ہے کہ ان کی اطلاع کے مطابق منیر مینگل کوئٹہ میں سی آئی ڈی پولیس کی تحویل میں ہے۔انہوں نے کہا کہ منیر کی حراست کی وجہ سے ان کا خاندان تباہ ہو گیا ہے۔ ’والد، بھائی اور بہنیں پاگلوں کی طرح حرکتیں کرتے ہیں۔ ایک میں ہوں، ماں ہوں ناں۔ اپنی ساری بیماریوں کے باوجود تلاوت کرتی ہوں اور منیر کی رہائی کے لیے بھاگ دوڑ کرتی ہوں۔‘ انہوں نے کہا کہ منیر مینگل کا کوئی قصور نہیں ہے، قصور میرا ہے کہ میں نے اسے تعلیم دلوائی، مجھے سزا دو لیکن میرے بیٹے کو رہا کر دو۔‘ منیر مینگل گزشتہ ماہ اچانک منظر عام پر آگئے تھے اور قلات میں پولیس نے انہیں گرفتار کر کے تین ایم پی او کے تحت ایک ماہ کے لیے جیل بھیج دیا تھا۔ خضدار سے تعلق رکھنے والے منیر مینگل بلوچ وائس کے نام سے ایک بلوچی ٹی وی چینل شروع کرنا چاہتے تھے اور اس سلسلہ میں گزشتہ سال اپریل میں وہ جب بحرین سے کراچی پہنچے تو ایئر پورٹ سے انہیں مبینہ طور پر خفیہ ایجنسی کے اہلکار اٹھا کر ساتھ لے گئے تھے۔ دریں اثناء بدھ کی صبح کوئٹہ کے قریب ہزار گنجی کے علاقے میں نا معلوم افراد نے فیض اللہ نامی شخص کو ہلاک کر دیا ہے۔ اپنے آپ کو کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی کا ترجمان ظاہر کرنے والے بیبرگ بلوچ نامی شخص نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے اور کہا ہے کہ ہلاک کیا جانے والا شخص سرکار کا مخبر تھا۔ تاہم سرکاری سطح پر اس کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ | اسی بارے میں بندہ پیش کریں ورنہ جیل جائیں:چیف جسٹس20 August, 2007 | پاکستان منیر مینگل اچانک منظرِ عام پر 06 August, 2007 | پاکستان آزادی صحافت کی قیمت؟21 March, 2007 | پاکستان لاپتہ افراد کیس، سماعت ملتوی04 May, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||