’ہر رکاوٹ توڑ کر پہنچیں گے‘ لیگی کارکن | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان مسلم لیگ نون کے عہدیداروں اور کارکنوں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ نواز شریف کے استقبال کے لیے ہر رکاوٹ توڑ کر اسلام آباد پہنچیں گے۔ لاہور کے ایک مسلم لیگی عہدیدار چودھری عبدالغفور نے کہا کہ ’کارکن جھنڈے اور ڈنڈے لیکر جائیں گے اور کسی نے راستہ روکنے کی کوشش کی تو جواباً طاقت کا استعمال کیا جائے گا‘۔ مسلم لیگ نواز کے صوبائی دفتر میں ان دنوں ایسی گہما گہمی ہے جو گزشتہ سات برس میں اس سے پہلے اس دفتر میں دیکھنے کو نہیں آئی تھی۔ جمعرات کو اس دفتر میں ضلع لاہور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب اور قصور کے تمام مسلم لیگی عہدیدار، یوتھ،لیبر، خواتین، علماء و مشائح ونگ اور ایم ایس ایف سمیت مختلف تنظیموں کے عہدیدار موجود تھے۔ مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری راجہ اشفاق سرور نے انہیں ہدایات دیں کہ وہ دس ستمبر کو شریف خاندان کے استقبال کے لیے ہر صورت اسلام آباد پہنچیں۔ اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہر گلی میں میاں نوازشریف کی تصویریں، پوسٹر اور بینر لگائیں، ہر کارکن کے گھر، دکان اور دفتر پر مسلم لیگ کا جھنڈا لہرایا جائے اور میاں نواز شریف کی تصویر لگائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے کہ صرف لاہور سے مسلم لیگی کارکن پچاس ہزار افراد کے لیے ٹرانسپورٹ کا بندوبست کریں گے جبکہ عوام کی بڑی تعداد خود سے پہنچے گی۔ ان کے مطابق اسی طرح پنجاب کے ہر شہر سے ٹرانسپورٹ کا بندوبست کیا جارہا ہے۔ مسلم لیگ نواز نے استقبال کے لیے اضلاع کی سطح پر کمیٹیاں بنا دی ہیں۔ مختلف شہروں میں رکشاؤں، ویگنوں پر لاؤڈ سپیکر لگا کر اسلام آباد چلنے کی تیاریوں کے اعلانات شروع کردئیے گئے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں مسلم لیگی رہنما راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ کارکن اب حکومتی رکاوٹوں کوخاطر میں نہیں لائیں گے اور اگر انہیں روکنے کی کوشش کی گئی تو وہ زورِ بازو پر اسلام آباد پہنچیں گے۔ مسلم لیگ ضلعی لاہور کے صدر چودھری عبدالغفور نے کہا کہ وہ میاں نواز شریف کے سرفروش کارکن ہیں اور اب وہ کسی کو اپنے اور نواز شریف کے درمیان حائل نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ’حکمرانوں کے ظلم برداشت کرنے کے دن چلے گئے ہیں اب انہیں تشدد کا جواب تشدد سے ملے گا‘۔ مسلم لیگ کے صوبائی عہدیدار میاں نواز شریف کے اسلام آباد سے لاہور تک کے سفر کے دوران استقبال کی بھی منصوبہ بندی کررہے ہیں اور اس بات کا جائزہ لیا جارہا ہے کہ راستے میں کس کس مقام پر استقبالی کیمپ لگائے جائیں گے۔ مسلم لیگ کا آئندہ اجلاس روالپنڈی میں ہوگا جس میں روالپنڈی ڈویژن کے عہدیدار اپنی حکمت عملی طے کریں گے۔ ملک کے دیگر صوبوں میں سے بھی کارکنوں کو اسلام آباد لانے کے لیے تیاریوں کی اطلاعات ملی ہیں۔ لاہور میں مسلم لیگ نے سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کردیا ہے۔ جمعرات کی صبح شہباز شریف سیکرٹریٹ کے زیر اہتمام شاہ عالمی میں ایک زندہ شیر کے ہمراہ استقبالی مظاہرہ کیا گیا۔ ویلکم ویلکم نواز، شہباز کے نعرے لگائے گئے۔ شیر کو پنجرے سے باہر نکال کر اس کی زنجیر بھی کھولی گئی۔ مقامی مسلم لیگی عہدیدار نوشاد حمید نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ مسلم لیگ کا شیر ہے جو آزاد ہوچکا ہے اور اب یہ وردی والے حکمران کو کھا جائے گا‘۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||