BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Sunday, 26 August, 2007, 11:06 GMT 16:06 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
با با بلّھے شاہ کا عرس شروع

بلّھے شاہ
بلّھے شاہ سنہء سولہ سو اسی میں اُچ شریف میں پیدا ہوئے
برصغیر کے معروف صوفی شاعر بابا بلّھے شاہ کے دو سو پچاسویں عرس میں شرکت کے لیے اکیاون رکنی ہندوستانی وفد پاکستان کے شہر قصور پہنچ گیا ہے جہاں عرس کی رنگا رنگ تقریبات جاری ہیں۔

ہندوستانی وفد کے چند اراکین پہلے ہی لاہور پہنچ چکے تھے جبکہ باقیوں نے اتوار کی صبح واہگہ کے مقام سے باڈر پار کیا۔

ہندوستانی وفد کی سربراہی رکنِ پارلیمان نرملا دیش پانڈے کررہی ہیں جبکہ وفد میں مجموعی طور پر پانچ ممبر پارلیمان، دو سابق وزراء، مختلف یونیورسٹیوں کے اساتذہ، صحافی اور دانشور شامل ہیں۔

نرملا دیش پانڈے اور وفد میں شامل ادیب کلدیپ نئیر کا شمار ان افراد میں ہوتا ہے جو دونوں ملکوں کے درمیان دوستانہ تعلقات کے لیے عرصہ دراز سے سرگرم ہیں۔

پاکستان میں میزبان تنظیم بلّھے شاہ انٹرنیشنل فورم کے سربراہ چودھری منظور نے کہا کہ با با بلّھے شاہ اور ان جیسے صوفیاء اور شعراء اپنے انقلابی کلام سے انسانوں کو آپس میں جوڑتے ہیں اور ان کی ذات یقینی طور پر ہندوستان اور پاکستان کے امن عمل پر مثبت انداز میں اثر انداز ہوگی۔ چودھری منظور پیپلز پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں اور پاکستان کے رکن قومی اسمبلی بھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلھے شاہ نے اپنے کلام میں تمام انسانوں کے درمیان پیدا کردہ تفریق اور تقسیم کی نفی کی ہے۔ وہ ملک، قوم، نسل، مذہب، فرقے سے بلند ہوکر سوچتے تھے اس لیے ان کا پیغام آفاقی قدروں کی نمائندگی کرتا ہے۔

بابا بلھے شاہ کے ہندوستانی پرستار ان کے مزار پر چادر چڑھانے کے بعد ’صلح کل کانفرنس‘ میں شرکت کریں گے۔

برابری کا کلام
 بلّھے شاہ نے اپنے کلام میں تمام انسانوں کے درمیان پیدا کردہ تفریق اور تقسیم کی نفی کی ہے۔ وہ ملک، قوم، نسل، مذہب، فرقے سے بلند ہوکر سوچتے تھے اس لیے ان کا پیغام آفاقی قدروں کی نمائندگی کرتا ہے

اس تقریب میں دونوں ملکوں کے دانشور، ادیب، شاعر اور سیاستدان اظہارِ خیال کریں گے۔ بعد میں صوفیانہ شاعری پر مبنی موسیقی کا ایک پروگرام ہوگا جسے ’شامِ تھیہ تھیہ‘ کا نام دیا گیا ہے۔

انڈیا سے آنےوالوں میں معروف گلوکار ہنس راج ہنس بھی شامل ہیں۔ توقع ہے کہ اتوار کی شام ہونے والے موسیقی کے پروگرام میں وہ بھی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

قصور میں اتوار کو شروع ہونے والے بابا بلّھے شاہ کے عرس کی تقریبات تین روز تک جاری رہیں گی۔ ہندوستانی وفد اٹھائیس اگست کو واپس لوٹ جائے گا۔

با با بلّھے شاہ کا مزار لاہور کے نواحی شہر قصور میں ہے جہاں ہر برس ان کا عرس بڑی دھوم دھام سے منایا جاتا ہے۔ ہر بار کی طرح اس برس بھی نیاز بانٹی جا رہی ہے، دیئے جلائے جا رہے ہیں اور ان کے کلام پر مبنی قوالیاں گائی جارہی ہیں۔

بلّھے شاہ سنہء سولہ سو اسی میں اُچ شریف میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد صاحب مسجد کے امام تھے اور مدرسے میں بچوں کو پڑھاتے تھے۔ بلّھے شاہ نے والد سے ابتدائی تعلیم حاصل کے بعد قصور جا کر قرآن، حدیث، فقہ اور منطق میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی لیکن ایک خاص سطح تک حصولِ علم کے بعد ان پر انکشاف ہوا کہ دنیا بھر کے علم کو حاصل کر کے بھی انسان کا دل مطمئن نہیں ہوسکتا۔ سکونِ قلب کے لیے صرف اللہ کا تصور ہی کافی ہے۔ اپنی ایک کافی میں فرماتے ہیں:
علموں بس کر او یار
اکّو الف تیرے درکار

بلّھے شاہ کو ملاّ کے تصورِ دین سے سخت نفرت ہوچکی تھی۔ عربی فارسی میں عالم ہونے کے باوجود انہوں نے پنجابی کو ذریعۂ اظہار بنایا تاکہ عوام سے رابطے میں آسکیں۔ وہ خود سیّد زادے تھے لیکن انہوں نے شاہ عنایت کے ہاتھ پر بیعت کی جو ذات کے آرائیں تھے اس طرح بلّھے شاہ نے ذات پات، فرقے اور عقیدے کے سب بندھن توڑ کر صلح کل کا راستہ اپنایا۔ شاید یہی وجہ ہے کہ جب سنہ سترہ سو اٹھاون میں ان کا انتقال ہوا تو شہر کے مولویوں نے ان کا جنازہ پڑھانے سے انکار کر دیا۔

بابا بلّھے شاہ کا کلام:

عشق کی نویوں نویں بہار

جاں میں سبق عشق دا پڑھیا
مسجد کولوں جیوڑا ڈریا
ڈیرے جا ٹھاکر دے وڑیا
جتھے وجے ناد ہزار
عشق دی نویوں نویں بہار

بید قراناں پڑھ پڑھ تھکّے
سجدے کر دیاں گھس گئے متھے
نہ رب تیرتھ نہ رب مکّے
جس پایا نور انوار
عشق دی نویوں نویں بہار

عمرگوائی وچ مسیتی
اندر بھریا نال پلیتی
کدے نماز توحید نہ نیتی
ہن کیہہ کرنا شور پکار
عشق دی نویوں نویں بہار

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد